سیلاب زدگان میں امداد کی شفاف اندازمیں تقسیم پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا: وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے بدھ کے روز  ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے متاثر ہ سگو پل پر بحالی کے کام کا جائزہ لینے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت تمام متعلقہ محکموں کیساتھ ملکر سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے

1877153
سیلاب زدگان میں امداد کی شفاف اندازمیں تقسیم پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ ملک بھرمیں سیلاب زدگان کے لئے اعلان کردہ امداد کی شفاف تقسیم پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

انہوں نے بدھ کے روز  ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے متاثر ہ سگو پل پر بحالی کے کام کا جائزہ لینے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت تمام متعلقہ محکموں کیساتھ ملکر سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے معاوضے کی رقم اٹھائیس ارب سے بڑھاکرسترارب روپے کردی ہے اوراب تک بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے بیس ارب روپے شفاف انداز میں تقسیم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے سیلاب سے جاں بحق ہونے والے ہرشخص کے سوگوارخاندان کو دس لاکھ روپے دینے کافیصلہ بھی کیاہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کوصوبہ بھرمیں شاہراہوں، پلوں اوردیگربنیادی ڈھانچے کی بلاامتیاز بحالی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے سیلاب کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ملک میں چھوٹے ڈیم تعمیرکرنے پرزوردیا۔شہبازشریف نے کہاکہ تباہ کن سیلابوں سے سندھ اوربلوچستان میں کپاس، چاول اور کھجور کی کھڑی فصلوں کوشدیدنقصان پہنچاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت متاثرہ کاشتکاروں کومالی امداد فراہم کرے گی۔وزیراعظم نے اس مشکل وقت میں خوراک کے ڈبے اور مالی معاونت کی فراہمی پر برادر ممالک کا شکریہ اداکیا ۔وزیراعظم نے سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوششوں کوسراہا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ضلع ٹانک میں دو ہفتے کے اندر اندر سوگھروں پرمشتمل رہائشی منصوبے کے افتتاح کا اعلان کیا انہوں نے کہاکہ رہائشی منصوبہ علاقے کے مخیر حضرات کی امداد سے بنایا جارہا ہے۔وزیراعظم نے سیلاب میں پھنسے افراد کو بچانے کیلئے پاک فوج اور مقامی انتظامیہ کی ان تھک کوششوں کی تعریف کی۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنمامولانافضل الرحمان نے عمومی طورپرپورے ملک اورخصوصاً ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے بچنے کیلئے طویل المدتی حکمت عملی کی ضرورت پرزوردیا۔مولانافضل الرحمان نے علاقے میں بحالی کی سرگرمیوں کاجائزہ لینے میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعظم کاشکریہ ادا کیا۔انہوں نے ان علاقو ں میں پھنسے ہوئے افراد کی مدد اورانہیںمحفوظ مقامات پرمنتقل کرنے پر پاکستان آرمی کے کردارکوسراہاجہاں مقامی انتظامیہ نہیں پہنچ سکتی تھی۔



متعللقہ خبریں