پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے جانی و مالی نقصان میں بدستور اضافہ

سیلاب سے متاثر ہونے والوں کے لیے ترکیہ سے امدادی سامان لے کر دو جہاز کل کراچی پہنچیں گے

1873080
پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے جانی و مالی نقصان میں بدستور اضافہ

پاکستان بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں بدستور جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید  119 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں سے  32 بچے  تھے۔

ملک بھر میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1030 سے تجاوز کرگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں 74، خیبر پختونخوا میں 31، پنجاب میں 1، بلوچستان میں 4، گلگت بلتستان 6 اور آزاد کشمیر میں بھی 1 شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔

شدید بارشوں کے باعث 149 پل تباہ، 3 ہزار 451 کلومیٹر شاہراہوں کو نقصان پہنچا اور نقصان پہنچنے والے  9 لاکھ  49 ہزار 858 گھروں میں سے2 لاکھ  87 ہزار 412 مکمل طور پر منہدم  ہو گئے۔

قائم کیے گئے امدادی کیمپوں میں 4 لاکھ 98 ہزار 442 افراد کو پناہ دی گئی جب کہ ریسکیو کیے جانے والوں کی تعداد 51 ہزار 275 ہو گئی۔

دوسری جانب7 لاکھ  19 ہزار 558  مویشی  سیلاب میں تلف ہو گئے۔

جیو نیوز ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی خبر کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے اپر دیر میں واقع وادی کمراٹ میں جاری بارش اور سیلاب کے باعث 30 طلباء پھنس گئے، جنہیں  بعد میں  پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے محفوظ مقام کو منتقل کر دیا۔

دوسری جانب سیلاب سے متاثر ہونے والوں کے لیے ترکیہ سے امدادی سامان لے کر دو جہاز کل کراچی پہنچیں گے، کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل کل صبح ہوائی اڈے پر امدادی سامان پاکستانی حکام کے حوالے کریں گے۔



متعللقہ خبریں