امپورٹڈ حکومت نامنظور، الیکشن ہونے تک سڑکوں پر رہیں گے: عمران خان

پشاور میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ہم نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ غلامی چاہتے ہیں یا آزادی چاہتے ہیں۔پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا کیا جرم کیا تھا کہ 12 بجے عدالت لگائی گئیں؟

1811934
امپورٹڈ حکومت نامنظور، الیکشن ہونے تک سڑکوں پر رہیں گے: عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کبھی اپنی قوم کو کسی اور کی جنگ میں قربان نہیں ہونے دوں گا، ہماری حقیقی آزادی کی جنگ شروع ہو گئی یہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے۔

پشاور میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ہم نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ غلامی چاہتے ہیں یا آزادی چاہتے ہیں۔

پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا کیا جرم کیا تھا کہ 12 بجے عدالت لگائی گئیں؟ میرے پیارے ججز اور عدلیہ میں نے آزاد عدلیہ کیلئے جیل کاٹی، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، جو بھی سمجھتا ہے کہ ہم ان چوروں کو قبول کریں گے، یہ 1970 کا پاکستان نہیں جب انہوں نے ذوالقفار علی بھٹو کو ہٹا کر پھانسی لگوائی تھی، یہ وہ پاکستان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتوار کو ساری قوم نے سڑکوں پر نکل کر بتایا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم غلامی چاہتے ہیں یا آزادی، کیا ہم امریکہ کے غلاموں کی غلامی کرنے آئے ہیں یا آزادی سے جینے آئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جو لوگ حکومت میں آئے ہیں یہ سب ضمانت پر ہیں، شہبازشریف ، حمزہ شہباز ضمانت پر، نوازشریف اور اس کے بیٹے مفرور ہیں، نوازشریف کی بیٹی بھی ضمانت پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں ہمیں تمہاری معافی کی ضرورت نہیں ہے، تم ہو کون جو ہمیں معافی دو گے؟ یہ 1970 کا پاکستان نہیں جب امریکا نے سازش کرکے ذوالفقار علی بھٹو کو ہٹایا تھا۔

سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ یہ آج باشعور لوگوں کا پاکستان ہے، یہ سوشل میڈیا کا پاکستان ہے، 6 کروڑ پاکستانیوں کے پاس اسمارٹ فون ہیں، ان کے منہ کوئی بند نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی آزادی جنگ لڑنے کے لیے میں جتنی عوام میں سڑکوں پر نکالوں گا، اتنی عوام تاریخ میں پہلے کبھی نکلی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک انتخابات نہیں ہوتے ہم سڑکوں پر ہوں گے، مظاہرے کریں گے، اتوار کی طرح تمام پاکستانیوں نے ہفتے کو باہر نکلنا ہے،آج پاکستان فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے،اگر ہم نے اس سازش کو کامیاب ہونے دیا تو آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کرینگی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اللہ کے سوا کسی خدا کو ہم نہیں مانتے،  کلمہ ہمیں غیرت دیتا ہے، ہم کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، آج وقت آگیا ہے کہ ہم نے کلمے پر کھڑا ہونا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہفتے کو کراچی میں اور جمعرات کو مینار پاکستان پر جلسہ کروں گا، اپنی قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ فیصلہ کن وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہر سے جو حکومت مسلط کی گئی وہ سب ضمانت پر ہیں، ملک پر مسلط کیے گئے لوگوں کو قبول نہیں کریں گے۔

پشاور جلسے سے شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، قاسم خان سوری، پرویز خٹک، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود ملک و دیگر نے خطاب کیا۔



متعللقہ خبریں