نئے ڈیموں کی تعمیر سے اراضی سیراب کرنے کیلئے دوگناہ پانی ذخیرہ کیا جائیگا: وزیراعظم عمران خان

وہ پیر  کے روز اسلام آباد میں پن بجلی کی ترقی کے حوالے سے بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پانچ ہزارڈیم تعمیر کئے جبکہ پاکستان نے ساٹھ کی دہائی میں صرف دو بڑے ڈیم تعمیر کئے

1778626
نئے ڈیموں کی تعمیر سے اراضی سیراب کرنے کیلئے دوگناہ پانی ذخیرہ کیا جائیگا: وزیراعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے دس ڈیموں سے مزید زمینوں کو سیراب اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے پانی ذخیرہ کرنیکی صلاحیت دگنا ہوگی۔

وہ پیر  کے روز اسلام آباد میں پن بجلی کی ترقی کے حوالے سے بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پانچ ہزارڈیم تعمیر کئے جبکہ پاکستان نے ساٹھ کی دہائی میں صرف دو بڑے ڈیم تعمیر کئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پن بجلی کی صلاحیت کو بروئے کار لایا جاتا تو ملک کو آج بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اورمہنگائی کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

وزیر اعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت نے مستقبل کی سوچ اپناتے ہوئے دس سال میں دس ڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آباد ی کے پیش نظر ہمیں ڈیرہ اسماعیل خان، بلوچستان اور تھر میں مزید اراضی کو زیر کاشت لانا ہوگا جو پانی کی دستیابی سے ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مزیداراضی کو سیراب کرکے گندم اور کپاس برآمد کرنے والا ملک بن سکتا ہے۔ آبی وسائل کے وزیر مونس الہی کی کالا باغ ڈیم تعمیر کرنے کی تجویز کے حوالے سے وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ پاکستان کو مزید پانی ذخیرہ کرنیکی ضرورت ہے اور ڈیم کیلئے کالا باغ کی جگہ انتہائی موزوں ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو اس منصوبے پر تحفظات ہیں اور انہیں راضی کئے بغیر اس منصوبے پر کام شروع نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی حیثیت سے ہمیں تمام صوبوں کو اعتماد میں لیناہوگا۔

 بڑے ڈیموں کے بارے میں بین الاقوامی کمیشن کے صدر Michael Rogers نے پاکستان کی جانب سے دس بڑے ڈیموں کی تعمیر کو ایک شاندار عالمی معیار کی کوشش قرار دیا ہے۔

 انہوں نے ان منصوبوں کے آغاز کےلئے واپڈا کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے خصوصاً دیا مر بھاشا ڈیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس  ڈیم سے آئندہ کی نسلیں مستفید ہوں گی۔

 انہوں نے ان ڈیموں کی تعمیر میں مدد کےلئے پاکستان کو جدید ترین معلومات کی فراہمی کا یقین دلایا۔

واپڈا کے چیئرمین مزمل حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر کا مقصد غذائی اور انسانی تحفظ ہے، انہوں نے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

 



متعللقہ خبریں