وزیراعظم عمران خان کا اسلام کے درخشاں کلچر کی بحالی پر زور

وہ پیر کے روز القادر یونیورسٹی جہلم کے تعلیمی بلاکس کا افتتاح کررہے تھے جو سائنس اور روحانیت کے گہوارے کے طورپر جانا جاتا ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ پختہ ایمان اور کرداراﷲ تعالی کی رحمت ہے جس سے کوئی بھی شخص صراط مستقیم کا انتخاب کرسکتا ہے

1740430
وزیراعظم  عمران خان کا اسلام کے درخشاں کلچر کی بحالی پر زور

وزیراعظم عمران خان نے اسلام کے درخشاں کلچر کی بحالی کی ضرورت پر زوردیا ہے جہاں مذہب اورسائنس کا آپس میں کوئی تصادم نہیں تھا ۔

وہ پیر کے روز القادر یونیورسٹی جہلم کے تعلیمی بلاکس کا افتتاح کررہے تھے جو سائنس اور روحانیت کے گہوارے کے طورپر جانا جاتا ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ پختہ ایمان اور کرداراﷲ تعالی کی رحمت ہے جس سے کوئی بھی شخص صراط مستقیم کا انتخاب کرسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج کا نوجوان سوشل میڈیا کے دور میں الجھن کا شکار ہے جسے مغربی کلچر تک بلارکاوٹ رسائی حاصل ہے تاہم انہوں نے کہاکہ اطلاعات کی فراہمی پرپابندی عائد نہیں کی جاسکتی نوجوانوں کودرست اورغلط کا بتا کران کی صحیح سمت میں رہنمائی نہایت اہمیت کی حامل ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ان کی حکومت نے انگلش میڈیم ، اردومیڈیم اورمدارس کا سہ جہتی نظام ختم کرکے یکساں قومی نصاب رائج کیا جس کے نتیجے میں ملک میں مختلف نظریات کے حامل نوجوان سامنے آرہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے رحمت اللعالمین اتھارٹی کے قیام کا مقصد اسلام کا پیغام عام فہم انداز میں لوگوں تک پہنچانا ہے ۔انہوں نے مسلمانوں کے سنہری دور کے بارے میں تحقیق کی ضرورت پر زوردیا جب ان کے رہنمائوں ، دانشوروں اورسائنس دانوں نے دنیا پرحکمرانی کی اورنوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کی ۔

عمران خان نے کہاکہ جامعات نے اس ضمن میں اہم کردارادا کرنا ہے انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ القادر یونیورسٹی تحقیق اور صحت مند مباحثے کے اصولوں کا احیا کرے گی۔انہوں نے کہاکہ اسلام کی پہلی ریاست مدینہ میں خوداحتسابی اور اعلی اخلاق پرخصوصی توجہ دی گئی۔عمران خان نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ قوم اخلاقی نشاۃ ثانیہ حاصل کرے اور یہاں سے ایسے رہنما تیارہوں جو نبی آخرالزماں حضوراکرم ؐ کی حیات طیبہ کے زریں اصولوں کی تقلید کریں ۔انہوں نے کہاکہ قوم کے کردار اور اخلاق کو ریاست مدینہ کی طرز پر بہتر بنایاجائے گا ۔بعد میں وزیراعظم یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی بلاک دیکھے اور عملے سے بات چیت کی۔



متعللقہ خبریں