وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

شرکاء نے افغانستان میں خوفناک انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا

1716887
وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس  منعقد ہو ا، جس میں وفاقی وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان  نے شرکت کی، اجلاس میں افغانستان کی تازہ صورتحال پر غور کیا گیا۔

اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں  واضح کیا گیا ہے کہ اجلاس میں متعلقہ وفاقی کابینہ کے ارکان اور انٹیلی جنس سروسز کے سربراہان نے شرکت کی، اور وزیر اعظم کو علاقائی سلامتی کی صورتحال، افغانستان میں حالیہ پیش رفت اور پاکستان پر ممکنہ اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں افغانستان میں جاری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، شرکاء نے افغانستان میں خوفناک انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، اور مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری افغانستاب کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد فراہم کرے، قومی سلامتی کمیٹی نے پرامن، مستحکم اور خودمختار افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں افغانستان میں عبوری حکومت کے ساتھ تعمیری سیاسی اور معاشی تعلقات پر بین الاقوامی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے افغانستان سے بین الاقوامی انخلاء کی کوششوں میں پاکستان کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا نے افغانستان میں پاکستان کی مثبت شراکت کو تسلیم کیا۔ وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق مربوط پالیسی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

قومی سلامتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ خطے میں ابھرتی ہوئی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے، افغانستان میں کسی بھی عدم استحکام کے پاکستان کے لیے شدید مضمرات ہو سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے افغانستان میں حکومت کی مختلف کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے لیے خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدایت جاری کی۔



متعللقہ خبریں