وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات

سعودی وزیرِ خارجہ نے یہ بات منگل کو پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی

1681321
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات

سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ کشمیر سمیت دیگر علاقائی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے سے متعلق ریاض اور اسلام آباد کا مؤقف ایک ہی ہے۔

سعودی وزیرِ خارجہ نے یہ بات منگل کو پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سعودی وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان ایک سعودی وفد کے ہمراہ پاکستان کے ایک روزہ دورے پر منگل کو پاکستان پہنچے تھے جہاں انہوں نے پاکستان کے دفترِ خارجہ میں پاکستان کے وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی۔

بعد ازاں نیوز کانفرنس میں فیصل بن فرحان نے کہا کہ سلامتی اور استحکام اقتصادی خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔ لہذٰا پاکستان اور سعودی عرب اپنے اپنے خطوں کے امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

فیصل بن فرحان نے کہا کہ اسلام آباد اور ریاض نے علاقائی معاملات چاہے یہ کشمیر ہو، یمن ہو یا فلسطین مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے سعودی وفد کی قیادت سعودی وزیرِ خارجہ فیصل بن فرحان نے کی جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔

اکستان کے وزیرِ خارجہ قریشی نے بعد ازاں نیوز کانفرنس میں کہا کہ سعودی اعلیٰ سفارت کار سے ہونے والی بات چیت کا محور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور ریاض کے درمیان سعودی عرب، پاکستان اعلیٰ رابطہ کونسل کے قیام کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق رائے ہوا ہے۔

سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے درپیش مشکلات کو کم کرنے کی کوشش کریں گے۔

سعودی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب افغانستان سے غیر ملکی فورسز کے انخلا کی وجہ سے افغانستان کی سیکیورٹی کی صورتِ حال پر نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے کئی دیگر ممالک کو بھی تشویش ہے۔

منگل کو پاکستانی اور سعودی وزرائے خارجہ کی بات چیت کے دوران افغانستان کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔



متعللقہ خبریں