ملک گیر شجر کاری آئندہ کی نسلوں کے تحفظ کے لیے نا گزیر ہے، عمران خان

گزشتہ ادوار میں لاہور کا 70 فیصد گرین بیلٹ ختم کر دیا گیا جس سے آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا

1582828
ملک گیر شجر کاری آئندہ کی نسلوں کے تحفظ کے لیے نا گزیر ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان   کا کہنا ہے کہ  سموگ  دراصل ایک  خاموش قاتل ہے ۔

 عمران خان نے  لاہور میں  شہری جنگل منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس  معاملے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا، ماحولیاتی آلودگی  کا قلع قمع  کرنے کے لیے شجر کاری ناگزیر ہے۔

انہوں نے بتایا  کہ سموگ پر عالمی سطح پر تحقیقات کی جا چکی ہے، جن کے مطابق  یہ انسانی زندگی کیلئے انتہائی مضر  ہے۔

انہوں نے اس موقع پر ماضی میں باغوں کا شہر کہلانے والے شہر لاہور کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ آج اس شہر میں آلودگی کی شرح انتہائی حد تک بڑھ چکی ہے۔ گزشتہ ادوار میں لاہور کا 70 فیصد گرین بیلٹ ختم کر دیا گیا جس سے آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ یہ فضائی آلودگی بزرگوں اور بچوں کیلئے  خاص طور پر انتہائی  نقصان دہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں اربن فاریسٹ کیلئے 50 سائٹس کا انتخاب اور میاواکی اربن فاریسٹ زبردست اقدام ہے۔ لاہور کے لوگ چاہتے ہیں کہ یہاں ہریالی ہو۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اربن فاریسٹ کی 50 سائٹس گوگل کے ذریعے دکھائی جائیں اور اس بارے لوگوں کو بتایا جائے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہم زیتون کے جنگلات لگانے جا رہے ہیں۔ چند سال میں پاکستان زیتون درآمد کے بجائے برآمد کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حکومتیں 5 سال کی منصوبہ بندی کرتی ہیں حالانکہ ملک کا مستقبل طویل المدت  منصوبہ بندی سے محفوظ ہوتا ہے۔ ہمارے ہمسائے  چین نے تمام شہروں کو گرین سٹی اعلان  کر دیا ہے۔



متعللقہ خبریں