کنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیابھرمیں مقیم کشمیریوں نے یوم حق خودارادیت منایا

1949 ء میں آج ہی کے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظورکی تھی جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے کشمیریوںکے حق کی حمایت کی گئی تھی

1558232
کنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیابھرمیں مقیم کشمیریوں نے یوم حق خودارادیت منایا

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے منگل کو یو م حق خود ارادیت اس تجدید عہدکے ساتھ منایاکہ وہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
1949 ء میں آج ہی کے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظورکی تھی جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے کشمیریوںکے حق کی حمایت کی گئی تھی۔ اس دن کو منانے کیلئے آزادکشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر میں ریلیوں ، سیمیناروں اور کانفرنسوں سمیت مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا تاکہ عالمی برادری پر زور دیا جائے کہ وہ فسطائی مودی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کے مکمل خاتمے کو روکنے کیلئے مداخلت کرے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر میں ایک بیان میں اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنائے جس طرح اس نے مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان میں اس حق کو یقینی بنایا تھا۔
دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو حل کرکے جنوبی ایشیا کو تباہی سے بچائے ۔
اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی منظورکردہ قرارداد کی روشنی میں جموں وکشمیر میں رائے شماری کا مطالبہ کیا۔



متعللقہ خبریں