چین پاکستان اقتصادی رارہداری منصوبہ پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا: صدر عارف علوی

وہ جمعرات کو کراچی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے زیر اہتمام سی پیک پر ویبینار سے خطاب کر رہے تھے۔  صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی پاکستان اور پورے خطے کی معیشتوں کے لئے اہمیت کے پیش نظر ویبینار کے انعقاد کو سراہا

1460962
چین پاکستان اقتصادی رارہداری منصوبہ پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی رارہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا، افغانستان میں امن اور تعمیر نو کے پیش نظر سی پیک کی اہمیت مزیدبڑھ گئی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

وہ جمعرات کو کراچی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے زیر اہتمام سی پیک پر ویبینار سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی و سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم باجوہ، پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ اور کراچی کونسل آن فار ریلیشنز اکرام سہگل نے بھی خطاب کیا۔

 صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی پاکستان اور پورے خطے کی معیشتوں کے لئے اہمیت کے پیش نظر ویبینار کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین کی قیادت کے ون بیلٹ ون روڈ پروگرام کا حصہ ہے جو مختلف خطوں کو باہمی طور پر منسلک کرکے ترقی و خوشحالی کے مواقع کو فروغ دینے کا اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 62 ارب ڈالر کا یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور تعمیر نو کے آغاز کے پیش نظر اس منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، افغانستان میں امن کے نتیجہ میں گوادر بندرگاہ سے تجارت بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت 19 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، 28 زیر تکمیل ہیں جبکہ 41 دیگر منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔

 صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر ان منصوبوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سی پیک کے تحت توانائی، روڈ، ریل انفراسٹرکچر، صنعتی زونز، ٹیکنالوجی و سیاحت کے شعبوں کی ترقی کا خصوصی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں کاروباری سرگرمیاں تیز ہوں گی، معیشت مستحکم ہو گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور غربت میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے چین کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کی وباءسے نمٹنے کے لئے حکومتی حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ ان اقدامات اور ضروری احتیاطی تدابیر کی بدولت صورتحال میں بہتری آئے گی۔ اس حوالے سے چین کے تجربات سے بھی رہنمائی حاصل کی گئی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون دونوں ممالک نے بہترین تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، ہماری دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کا سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے عزائم سے آگاہ ہیں، سی پیک کے خلاف سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی، ہم اس حوالے سے چینی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔



متعللقہ خبریں