نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے: وزیراعظم عمران خان

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ کے تحت کم لاگت مکانات کی تعمیر کے 7 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا

1376710
نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاسنگ پراجیکٹ کے تحت 20 ہزار گھروں کی تعمیر کے 7منصوبوں کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اسے بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کے وعدے کی جانب عملی اقدام قرار دیا ہے۔

 وزیراعظم نے کہا ہے کہ تعمیرات کے شعبہ کی ترقی سے 40 مزید صنعتیں چلیں گی جس سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور خوشحالی آئے گی، منصوبہ بندی کے تحت شہروں کے بے ہنگم پھیلا کو روکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، بڑے شہروں میں بلیو ایریا طرز کے منصوبے شروع کئے جائیں گے جن سے حاصل ہونے والی آمدن سے کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق پر رہائش گاہیں فراہم کی جا سکیں گی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تعلیم، صحت اور ہاسنگ کے ساتھ ساتھ غریب عوام کو انصاف کے حصول میں آسانی فراہم کرنے پر بھی توجہ دے رہی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاسنگ پراجیکٹ کے تحت کم لاگت مکانات کی تعمیر کے 7 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ہاسنگ و تعمیرات چوہدری طارق بشیر چیمہ اور وفاقی سیکرٹری ہاسنگ نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور ان کی ٹیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کے وعدے کی جانب عملی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ابھی شروعات ہیں تاہم کسی بھی بڑے منصوبے کے لئے پہلا قدم بڑا مشکل ہوتا ہے، شوکت خانم میموریل ہسپتال کے قیام کے حوالے سے بھی ایسی ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اب آگے کام آسان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مکانات بنانے کے منصوبے نجی شعبہ نے بنانے ہیں البتہ حکومت کا کام پالیسی بنا کر دینا ہے، لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے نتیجہ میں ہاسنگ کے شعبہ میں بڑا انقلاب آنے والا ہے، اب لوگوں کو گھروں کی تعمیر کے لئے مالی وسائل دستیاب ہوں گے جس سے تعمیرات کے شعبہ کو ترقی ملے گی اور عام لوگوں کو اپنا گھر بنانے کی سہولت میسر آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے جس سے مہنگائی میں بھی کمی آ رہی ہے اور نتیجتاً شرح سود بھی کم ہو سکے گی۔

 انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبہ سے 40 صنعتیں منسلک ہیں، اس شعبہ کی ترقی سے یہ صنعتیں چلیں گی جس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور آسانیاں پیدا کرنے کے لئے نیا پاکستان ہاسنگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاسنگ کے ان منصوبوں سے تنخواہ دار طبقہ کے لوگ اپنا گھر بنا سکیں گے اور انہیں اس کام کے لئے رقوم کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، ماضی میں اس جانب توجہ نہیں دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پسماندہ طبقہ کیلئے 5 ارب کی لاگت سے اخوت تنظیم کے تعاون سے پروگرام شروع کیا ہے جس سے ان کا اپنی چھت کا خواب تعبیر پا سکے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے شہر پھیلتے جا رہے ہیں جس سے آلودگی اور بنیادی سہولیات کے فقدان جیسے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، شہروں کے پھیلا سے زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے جو مستقبل میں فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے ایک چیلنج ثابت ہو سکتا ہے، ہم شہروں کے لئے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں تاکہ موجودہ گرین ایریاز کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ان میں اضافہ کیا جا سکے، اس مقصد کے لئے کثیر منزلہ عمارتوں کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کر دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں کچی آبادیوں کے بھی بڑے مسائل ہیں جن کے پیش نظر بلیو ایریا کی طرز پر منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد کے علاوہ کراچی اور لاہور میں بھی ایسے منصوبے شروع کئے جائیں گے جن سے حاصل ہونے والی آمدنی کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو فلیٹس کی شکل میں متبادل رہائش گاہیں مالکانہ حقوق پر دی جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان ہاسنگ پراجیکٹ کا آغاز ہو گیا ہے، اس سے لوگوں کو کم لاگت کے مکانات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور ملک میں خوشحالی آئے گی جبکہ اس سے ملک میں برکت بھی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف، رحم دلی اور احساس کے بغیر کوئی نظام نہیں چل سکتا، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے والے طبقات کا احساس کرے اور انہیں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کرے، نیا پاکستان ہاسنگ پراجیکٹ اسی سوچ پر مبنی ایک منصوبہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں بے گھر افراد اور فٹ پاتھ پر سونے والوں کی حالت زار دیکھ کر انہیں بہت تکلیف پہنچتی تھی اور فیصلہ کیا تھا کہ جب موقع ملا تو ان کے لئے ضرور کچھ کروں گا، آج ہم نے نجی شعبہ اور مخیر حضرات کے تعاون سے 160 پناہ گاہیں بنا دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت صحت کے شعبہ میں بہتری کے لئے بھی کام کر رہی ہے، ہمیں ان غریب گھرانوں کی تکالیف کا شدت سے احساس ہے جو کسی ایک فرد کی بیماری کی وجہ سے مزید غربت میں دھنستے چلے جاتے ہیں، ہم نے اس مقصد کے لئے ہیلتھ کارڈز کا اجراءکیا، میں سمجھتا ہوں کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کو پہلے سے زیادہ ووٹ اور دو تہائی اکثریت اسی بناءپر ملی ہے، اب ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کے بعد ہم ملک میں صحت کا پورا نظام تبدیل کریں گے اس سلسلے میں نجی ہسپتالوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے تاکہ لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات باآسانی میسر آ سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کی ایک اور بڑی ترجیح تعلیم کا نظام ہے، ہم ملک میں طبقاتی نظام کے خاتمہ کے لئے یکساں نصاب رائج کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں اور اگلے سال اس پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم، صحت اور رہائش کے علاوہ انصاف کی آسان فراہمی پر بھی کام کر رہی ہے، ہم ایک ایسا قانون لے کر آ رہے ہیں کہ ایک آدمی جو استطاعت نہیں رکھتا، اسے حکومت وکیل کر کے دے تاکہ غریب طبقات کے لئے بھی انصاف کا حصول آسان ہو سکے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر برائے ہاسنگ و تعمیرات چوہدری طارق بشیر چیمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ کے لئے مکانات کی تعمیر یہ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کا بہت بڑا اقدام ہے، عوام کو چھت کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں، ان منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاسنگ اتھارٹی کے زیر اہتمام منصوبوں میں ملازمین کی رقوم کے محافظ ہیں، کوشش ہو گی کہ ملازمین کی استطاعت کے مطابق مکانات کی اقساط ترتیب دی جائیں تاکہ ان پر بوجھ نہ پڑ سکے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے نیا پاکستان ہاسنگ پراجیکٹ کے تحت 20 ہزار گھروں کی تعمیر کے سات منصوبوں کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھا۔



متعللقہ خبریں