عمران خان نے کشمیریوں کے دلوں کو فتح کرلیا ہے : التجا مفتی

التجا مفتی نے کہا ہے کہ  وزیراعظم پاکستان کی حالیہ تقریر سے کشمیریوں کو حوصلہ ملا اور تقریر کے بعد کشمیریوں نے سڑکوں پر آ کر نعرے بازی کی

1280992
عمران خان نے کشمیریوں کے دلوں  کو فتح کرلیا ہے :  التجا  مفتی

مقبوضہ وادی کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے کہا ہے کہ  وزیراعظم پاکستان کی حالیہ تقریر سے کشمیریوں کو حوصلہ ملا اور تقریر کے بعد کشمیریوں نے سڑکوں پر آ کر نعرے بازی کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بات کی تو کشمیریوں کو اچھا لگا اور نتیجتاً ان کی تقریر کے بعد وہ سڑکوں پہ آگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو انٹریو دیتے ہوئے التجا مفتی کا کہنا تھا کہ آج کشمیری سوچ رہے ہیں کہ بٹوارئے کے وقت ہم جس بھارت کے ساتھ منسلک ہوئے وہ اب سیکولر نہیں رہا تو کیا ہماری قیادت کا فیصلہ درست تھا جب کہ  وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ہماری لیے بات کی جو کشمیریوں کو اچھا لگا اور انہیں حوصلہ ملا، اس وقت کشمیر میں نوجوانوں میں بہت زیادہ انڈیا مخالف جذبات پیدا ہو گئے ہیں۔

بھارت میں برسر اقتدار مودی حکومت کے اقدام اور مؤقف کو یکسر مسترد کرتے ہوئے التجا مفتی نے کہا کہ آئین کی شق 370 اور ترقی کا آپس میں کوئی لینا دینا نہیں ہے لیکن چونکہ بھارتی حکومت دنیا کے سامنے ایک جواز پیش کرنا چاہتی ہے اس لیے وہ عذرلنگ تراش رہی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ ترقی کا کہنے والے بتائیں کہ انہیں اب تک کس نے روکا تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ ریاست بہار سے لوگ یہاں مزدوری کے لیے آتے ہیں کیونکہ یہاں انھیں بہتر اجرت ملتی ہے۔

محبوبہ مفتی کی بیٹی نے کہا کہ ایک دفعہ انٹرنیٹ آ جائے گا تو لوگ بتادیں گے کہ گزرے دو ماہ میں ان پر کیا گزری ہے؟ انہیں کیسے قید میں رکھا گیا ؟ کتنے بچے ابھی بھی قید ہیں؟ اور کس طرح لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا؟



متعللقہ خبریں