عمران خان نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا

جن وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے، ان میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیرِ دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان و دیگر شامل ہیں

1279243
عمران خان نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے دورہ امریکا پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا، جب کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر پر حکومتی سفارتکاری پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق کل عمران خان کی قیادت میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے    جس میں 8 سے 10 وزراء اور مشیروں کے قلمدان بدلنے کا فیصلہ کیے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔

تاہم سرکاری طور پر فی الحال ان تبدیلیوں کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو اراکین کے شکوے دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جن وزراء کی کارکردگی ٹھیک نہیں انہیں تبدیل کررہا ہوں، اور ارکان کے تحفظات سننے کے لیے خود ملاقاتیں کروں گا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی ایک بار پھر کابینہ واپسی متوقع ہے، عمران خان انہیں بطور وزیرِ پٹرولیم کابینہ کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔

جن وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے، ان میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیرِ دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان و دیگر شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا قلمدان شفقت محمود کے سپرد کیا جاسکتا ہے جبکہ زبیدہ جلال کو وزیر تعلیم بنائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بابراعوان کو مشیر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وہ سینیٹر بننے کے خواہشمند تھے۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے مشیر اطلاعات کی ذمہ داری لے کر انہیں وزیراعظم کے ترجمان افضل ندیم چن کی ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کو ہٹانے اور فواد چوہدری کی وزارت میں ایک بار پھر تبدیلی کا امکان ہے،ان کے پاس سائنس و ٹیکنالوجی سے قبل وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان تھا۔



متعللقہ خبریں