مودی نے کشمیر کے موضوع پر فاش غلطی کی ہے جس کے اسے خمیازہ بھگتنا پڑے گا : عمران خان

انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں وزیراعظم آفس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کے اقدامات سے ہٹلر کی یاد تازہ ہو گئی ہے

1250454
مودی نے کشمیر کے موضوع پر فاش غلطی کی ہے جس کے اسے  خمیازہ بھگتنا پڑے گا :  عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، اگر جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کا بھارتی اقدام مفاد پر مبنی نہیں بلکہ ہندو نسل پرستی اور ہندوﺅں کی بالادستی کے نظریے کی بنیاد پر ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں وزیراعظم آفس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ رائےعامہ کی جنگ ہے، ہم نے یہ جنگ جیتنی ہے، بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی نسل کشی کے اقدامات سے ہٹلر کی یاد تازہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاﺅس میں ملاقات اور صدر ٹرمپ کی جانب سے کشمیر کے مسئلے پر ثالثی کی پیشکش کے بعد بھارت نے یہ اقدام کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی برسوں کے ظلم و ستم، جبر اور بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیری عوام کے دل و دماغ جیتنے میں ناکامی کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو تاریخی ”فاش غلطی“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کشمیریوں کی مقامی تحریک آزادی مزید زور پکڑے گی، پاکستان اس ضمن میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل اور عالمی عدالت انصاف سمیت مختلف بین الاقوامی فورموں سے رجوع کرنے کے تمام آپشنز پر غور و خوض کر رہا ہے، بین الاقوامی برادری ابھرتی ہوئی صورتحال میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو خدشہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمہ کے بعد صورتحال تیزی سے خراب ہو گی اور بھارت اپنے جبرو استبداد میں مزید اضافہ کرے گا جس کا سخت ردعمل سامنے آ سکتا ہے اور بھارت پاکستان کو موردالزام ٹھہرائے گا۔ دریں اثناءصحافیوں سے ملاقات کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ”پوری دنیا منتظر ہے کہ جب مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اٹھایا جائے گا تو مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کیا ہو گا؟، کیا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کا خیال ہے کہ بے پناہ عسکری قوت کے بل بوتے پر اہل کشمیر کی تحریک آزادی کا گلا گھونٹ لے گی؟، قوی امکانات ہیں کہ اس تحریک میں شدت آئے گی۔ یقینی نتیجہ یہ ہے کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں اہل کشمیر کی نسل کشی کا بدترین مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پوری دنیا منتظر ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر سے کرفیوں ہٹائے تو پتا چلے کہ کشمیریوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی روکے، کیا دنیا کشمیریوں کی نسل کشی دیکھنا چاہتی ہے؟

عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، ہم دنیا کو بتائیں گے کہ مودی سرکار کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے، میں نے نریندر مودی سے ہمیشہ امن کی بات کی۔



متعللقہ خبریں