مریم نواز کو حراست میں لے لیا گیا

نیب نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا، انھیں چودھری شوگر ملز کیس میں‌ طلب کیا گیا تھا جس میں‌ عدم پیشی پر تحویل میں‌ لیا گیا. دوسری کارروائی میں مریم کے کزن یوسف عباس کو بھی حراست میں‌ لے لیا گیا ہے

1250059
مریم نواز  کو حراست میں لے لیا گیا

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے حراست میں لے لیا ہے، گرفتاری چوہدری شوگر ملز کیس میں عمل میں لائی گئی ہے۔

نیب نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل کے باہر سے گرفتار کر لیا، انھیں چودھری شوگر ملز کیس میں‌ طلب کیا گیا تھا جس میں‌ عدم پیشی پر تحویل میں‌ لیا گیا. دوسری کارروائی میں مریم کے کزن یوسف عباس کو بھی حراست میں‌ لے لیا گیا ہے.

مریم نواز آج صبح اپنے والد نوازشریف کو ملنے کیلئے کوٹ لکپھت جیل آئی تھیں، جیسے ہی وہ ملاقات کر کے جیل سے باہر نکلیں انھیں نیب ٹیم نے حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب نوازشریف کے بھتیجے عباس شریف کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کو نیب نے آج چودھری شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا تھا جہاں وہ حاضر نہیں ہوئی تھیں جس پر ادارے کی جانب سے کارروائی کی گئی، یوسف عباس کو بھی تفتیش کیلئے طلب کیا گیا تھا۔ مریم نواز کی گرفتاری پر ن لیگی کارکنان نے لاہور اور اسلام آباد میں احتجاج شروع کر دیا تاہم پولیس نے صورتحال کنٹرول کئے رکھی۔

نیب ٹیم مریم نواز کو کل احتساب عدالت پیش کر کے ریمانڈ کی استدعا کرے گی، نیب ذرائع کے مطابق مریم نواز شوگر ملز کیس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام رہیں، ان کے نام 3 غیر ملکیوں نے 11 ہزار شئیرز ٹرانسفر کئے تھے، مریم ان کے ذرائع آمدن بتانے سے بھی گریزاں رہیں۔

 

ذرائع کے مطابق مریم نواز کے نیب کے سامنے پیش نہ ہونے پر باقاعدہ ان کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے اور گرفتاری کے وقت انہیں وارنٹ دکھائے بھی گئے اس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مریم نواز کو تحویل میں لینے کے لیے نیب کی 4 گاڑیاں کوٹ لکھپت جیل پہنچیں۔

مریم نواز کو ان کے اپنے ہی گھر میں نظربند کیا جائے گا یا کہیں اور رکھا جائے گا، اس بات کا فیصلہ نیب آفس میں کچھ دیر میں کیا جائے گا۔

نیب ٹیم نے مریم نواز کی گرفتاری سے چیئرمین نیب کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ مریم نواز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

نیب کی مشترکہ ٹیم نے 45 منٹ تک مریم نواز سے تحقیقات کی تھیں اور سوالنامہ بھی دیا تھا، سوالنامے میں چوہدری شوگر ملز سے متعلق جواب مانگے گئے تھے۔

نیب نے مریم نواز کو 8 اگست کو دوبارہ طلب کیا تھا اور ریکارڈ بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی تھی جبکہ حسن اور حسین نواز کو دوبارہ طلبی کے لیے نوٹس جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔

 



متعللقہ خبریں