آج پارلیمنٹ میں نواز شریف اور شہباز شریف کی اہم ملاقات، ملک کی سیاسی صورتِ حال پر بات چیت کی توقع

سپریم کورٹ سے بطور رکن قومی اسمبلی 25 جولائی 2017 کو نااہلی کے بعد وہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے دوپہر 12 بجے ملاقات کے لیے ان کے چیمبر میں پہنچیں گے

1077812
آج پارلیمنٹ میں نواز شریف اور شہباز شریف کی اہم ملاقات، ملک کی سیاسی صورتِ حال  پر بات چیت  کی توقع

سابق وزیراعظم نواز شریف نااہلی کے بعد پہلی بار پارلیمنٹ ہاؤس آئینگے، جہاں وہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کرینگے۔

سابق وزیر اعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف منگل کو تقریباً ایک سال اور 3 ماہ بعد پارلیمنٹ ہاؤس میں آ رہے ہیں ۔

سپریم کورٹ سے بطور رکن قومی اسمبلی 25 جولائی 2017 کو نااہلی کے بعد وہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے دوپہر 12 بجے ملاقات کے لیے ان کے چیمبر میں پہنچیں گے۔

نواز شریف شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی طرف سے بلائی گئی اے پی سی میں شرکت اور موجودہ سیاسی صورتحال بارے مشاورت کریں گے۔

نواز شریف اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی نیب میں تحویل کے دوران ان سے روا رکھے جانے والے سلوک کے بارے میں بھی ان سے معلومات حاصل کریں گے جبکہ وہ چیمبر میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سے بھی اہم قومی امور بارے مشاورت کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف سے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔

 

واضح رہے کہ گذشتہ روز احتساب عدالت کے باہر صحافیوں نے قائد مسلم لیگ (ن) سے سوال کیا تھا کہ آپ مولانا فضل الرحمان کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرینگے، جس پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر میں شہباز شریف سے مشاورت کرنا چاہوں گا۔

گذشتہ روز سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ہم میں سے کسی نے بھی حکومت سے این آر او کے لیئے رابطہ نہیں کیا، حکومت این آر او کا الزام لگا رہی ہیں تو جرات کر کے اس کا نام بھی لے لیں۔

اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ بیگم کلثوم کے آخری ایام کے دوران میں سلاخوں کے پیچھے تھا،آپ سب جانتے ہیں میں کس کیفیت سے گزررہاہوں۔



متعللقہ خبریں