اُردو زبان تہذیبی جاہ وجلال کے ساتھ بڑی عالمی زبانوں کی صف میں شامل ہو گئی ہے: صدر ممنون حسین

صدر مملکت ممنو ن حسین نے کہا کہ ثقافتی یلغارمنظم تہذیبوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے اردو لغت کے ایک ہزار سال کی ثقافتی روایت کو محفوظ کر دیا جس سے مستقبل میں اردو کے قدردان جدید تقاضوں کے مطابق بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے

896889
اُردو زبان تہذیبی جاہ وجلال کے ساتھ بڑی عالمی زبانوں کی صف میں شامل ہو گئی ہے: صدر ممنون حسین

صدر ممنون حسین نے جدید ترین اردو لغت کے آئن لائن ایڈیشن کاباضابطہ افتتاح کردیا ہے۔ کئی عشروں کی محنت سے تیار ہونے والی 22 جلدوں پر مشتمل اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کے ذریعے 22 ہزار صفحات اورتقریباً 2 لاکھ 64 ہزار الفاظ پر مشتمل علمی خزانہ اب انٹرنیٹ پردستیاب ہو گا جس کے لئے مخصوص “ایپ” تیار کی گئی ہے۔اس سلسلے میں ایوان صدر میں تقریب ہوئی۔

صدر مملکت ممنو ن حسین نے کہا کہ ثقافتی یلغارمنظم تہذیبوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے اردو لغت کے ایک ہزار سال کی ثقافتی روایت کو محفوظ کر دیا جس سے مستقبل میں اردو کے قدردان جدید تقاضوں کے مطابق بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ آج ہماری زبان تہذیبی جاہ وجلال کے ساتھ بڑی عالمی زبانوں کی صف میں شامل ہو گئی ہے کامیابیوں کا یہ سفرمستقبل میں بھی جاری رہے گا اور ادب و ثقافت کا یہ پرچم پوری دنیا میں آب و تاب سے لہراتا رہے گا، اپنی ثقافت مضبوط ہو تو بیرونی ثقافتوں کی یلغار کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا ہے

صدر ممنون حسین نے کہا کہ اردو لغت کے آن لائن ایڈیشن کے ذریعے پوری دنیا میں استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ صدر نے یقین دلایاکہ حکومت لغت کے حوالے سے کام کرنے والوں کی ضرورت پوری کرتی رہے گی۔

اردو لغت کے انٹرنیٹ ایڈیشن کے اجرا کی تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی اور چیف ایڈیٹر اردو ڈکشنری بورڈ عقیل عباس جعفری نے بھی خطاب کیا

انہوں نے مسرت کا اظہار کیا کہ بائیس جلدوں پر مشتمل اردولغت نہ صرف زبان کی تاریخ اور اس کی دیگر تمام نزاکتوں کا پوری جامعیت سے احاطہ کرتی ہے بلکہ ہماری ایک ہزار برس کی تہذیبی اور ثقافتی روایت کو بھی سامنے لاتی ہے۔



متعللقہ خبریں