وزیر خزانہ اسحٰق ڈار پر فردِ جرم عائد

سحٰق ڈار کے اثاثوں میں قلیل مدت کے اندر 91 گنا اضافہ ہوا اور وہ 90 لاکھ روپے سے 83 کروڑ 10 لاکھ روپے تک جا پہنچے ہیں

814953
وزیر خزانہ اسحٰق ڈار پر فردِ جرم عائد

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزام میں دائر نیب ریفرنس کے سلسلے میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار پر فردِ جرم عائد کر دی ۔

فاضل جج نے اسحاق ڈار کو الزامات پڑھ کر سنائے تاہم وزیر خزانہ نے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کو غلط قرار دے دیا۔  انہوں نے جواباً کہا کہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام بے بنیاد ہے۔ میں ان  الزامات کا دفاع کرتے ہوئے  اپنی  بے گناہی کو ثابت کروں گا۔

اس  جواب پر  عدالت نے سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہان کو طلب  کیا اور  اسحٰق ڈار کو بھی اگلی پیشی پر حاضر ہونے کا حکم دیا  ہے۔

ناجائز اثاثہ جات کیس میں 2 روز قبل اسحاق ڈار کے وکیل نے 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکےجمع کراتے ہوئے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے 7 روز کی مہلت طلب کی تھی جس پرعدالت نے ریفرنس کی مکمل نقل اسحاق ڈارکو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی تھی۔

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان پر 3 جب کہ اسحاق ڈار پر ایک ریفرنس دائر کیا ہے، گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے تھے اور عدالت نے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔

 

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس میں الزامات کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی حتمی رپورٹ میں کہا تھا کہ اسحٰق ڈار کے اثاثوں میں قلیل مدت کے اندر 91 گنا اضافہ ہوا اور وہ 90 لاکھ روپے سے 83 کروڑ 10 لاکھ روپے تک جا پہنچے ہیں۔



متعللقہ خبریں