نواز شریف پر فرد جرم کیلئے2 اکتوبر کی تاریخ مقرر، بچوں اور داماد کے وارنٹ جاری

سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش ہوئے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور مسلم لیگ (ن)کے رہنماﺅں اورکارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی

814065
نواز شریف پر فرد جرم کیلئے2 اکتوبر کی تاریخ مقرر، بچوں اور داماد کے وارنٹ جاری

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف آج منگل کو احتساب عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے نیب کے تین ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش ہوئے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور مسلم لیگ (ن)کے رہنماﺅں اورکارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، ریفرنسز کی سماعت کے آغاز میں ہی کمرہ عدالت کھچا کھچ بھر گیا، فاضل جج نے سابق وزیراعظم کو حاضری لگانے کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی

عدالت نے عدم پیشی پر سابق وزیراعظم کے بچوں اور داماد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔  خواجہ حارث نے سابق وزیراعظم کو سکیورٹی خدشات کے باعث حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا اور فرد جرم کیلئے آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا

 عدالتی استفسار پربتایا گیا کہ دیگر ملزمان بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوسکے، جس پرعدالت نے حسن، حسین، مریم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 10،10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

 سابق وزیراعظم، ان کے بچوں اور داماد کیخلاف نیب ریفرنس پر سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ اس سے قبل جب سابق وزیر اعظم احتساب عدالت  پیش ہوئے تو انہیں سخت سکیورٹی حصار میں کمرہ عدالت تک پہنچایا گیا۔ نواز شریف نے احتساب عدالت کے جج سے کہا ان کی اہلیہ لندن میں بیمار ہیں، جس پر احتساب عدالت کے جج نے کہا آپ جا سکتے ہیں، وکلاء کو اگلی تاریخ دیں گے۔ اس مکالمے اور مختصر پیشی کے بعد نواز شریف کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔

 اس موقع پر لیگی وزرا اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے کمرہ عدالت میں نعرے بازی بھی کی۔ نواز شریف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات رہیں، عدالت میں چند لمحوں کی پیشی کے بعد نواز شریف لیگی وزراء اور رفقا کے ہمراہ دوبارہ پنجاب ہاؤس پہنچ گئے۔

 عدالت نے سابق وزیراعظم سمیت تمام نامزد ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا تھا جب کہ نواز شریف عدالتی پیشی کے بعد پنجاب ہاؤس میں 3 بجے پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

واضح رہے احتساب عدالت نے العزیزیہ سٹیل مل، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور لندن فلیٹس ریفرنسز میں نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو طلب کر رکھا تھا۔  



متعللقہ خبریں