جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں طلب کرنے کی درخواست جمع کرادی

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاناما کیس میں تمام انگلیاں وزیر اعظم اور ان کی فیملی کی طرف اٹھ رہی ہیں ، عدالت میں اب تک کی گئی بحث میں وزیر اعظم نواز شریف موضوع بحث ہیں

647910
جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں طلب کرنے کی درخواست جمع کرادی

جماعت اسلامی نے پاناما کیس میں وزیراعظم کو سپریم کورٹ میں طلب کرنے کی درخواست جمع کرادی ہے.

جماعت اسلامی نے اپنے وکیل توفیق آصف کے ذریعہ سپریم کورٹ میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کو طلب کرنے کی درخواست دائر کر دی ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاناما کیس میں تمام انگلیاں وزیر اعظم اور ان کی فیملی کی طرف اٹھ رہی ہیں ، عدالت میں اب تک کی گئی بحث میں وزیر اعظم نواز شریف موضوع بحث ہیں ، ملک سے باہر رقوم منتقل کرنے کے بارے میں وزیر اعظم ہی صحیح بتا سکتے ہیں ، اس صورتحال میں وزیر اعظم کو عدالت طلب کرے ۔ وزیر اعظم نے مئی 2016 کو پارلیمنٹ میں تقریر کی ، اس تقریر کے متضاد انہوں نے قطری خط سماعت کے دوران پیش کیا ، متضاد موقف کے حوالے سے وزیر اعظم ہی وضاحت کرسکتے ہیں ۔

یاد رہے کہ 4 جنوری سے پاناما کیس پر درخواستوں کی سماعت سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں قائم نیا 5 رکنی لارجر بینچ کررہا ہے جبکہ نئے چیف جسٹس ثاقب نثار 5 رکنی لارجر بینچ کا حصہ نہیں۔

لارجر بینچ میں جسٹس آصف کھوسہ، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس اعجاز افضل، جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس گلزار احمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)،جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی)، عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل)، جمہوری وطن پارٹی (جے ڈبلیو پی) اور طارق اسد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔



متعللقہ خبریں