عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم بند کرے: صدرممنون حسین

صدر مملکت ممنون حسین اور بیلاروس کے صدر الیگز نڈر لوکاشینکو نے اتفاق کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کو گفت و شنید کے ذریعے منصفانہ طریقے سے حل کرنا چاہئے تاکہ خطے میں امن اور خوش حالی آسکے

583699
عالمی برادری بھارت پر دباؤ  ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم بند کرے: صدرممنون حسین

صدرممنون حسین نے عالمی برادری پرزوردیاہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر  میں ظلم وستم بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کو حق خودارادیت دے۔ انہوں نے یہ بات بیلاروس کے صدر الیگزینڈرلوکاشینکو سے اسلام آباد میں معاونین کے بغیر ملاقات میں کہی۔

صدر مملکت ممنون حسین اور بیلاروس کے صدر الیگز نڈر لوکاشینکو نے اتفاق کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کو گفت و شنید کے ذریعے منصفانہ طریقے سے حل کرنا چاہئے تاکہ خطے میں امن اور خوش حالی آسکے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلانے میں ان کی مدد کرے صدر مملکت نے یہ بات بیلاروس کے صدر الیگز نڈر لوکاشینکو سے ایوان صدر میں بات چیت کے دوران کہی۔صدر مملکت نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری وحشیانہ تشددسے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کےلیے لائن آف کنٹرول کے حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پچھلے چند ماہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے تشدد سے اب تک 110 افراد شہید اور 12000 سے زیادہ افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی حق خود ارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور بے گناہ کشمیریوں پر خطر ناک ہتھیاروں کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کاعالمی برادری کو نوٹس لے اس موقع پر بیلا روس کے صدر الیگز نڈر لوکاشینکونے کہا کہ اصولی موقف میں ہم پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان دہشت گردی پھیلانے کا ذمہ دار نہیں اور ایسے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

وفود کی سطح کے مذاکرات کے دوران فریقین نے تجارت ،معیشت،تعلیم، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کومزیدفروغ دینے پراتفاق کیا۔ بیلاروس کے صدرنے کہاکہ اُن کاملک مختلف شعبوں میں پاکستان کی مہارت سے فائدہ اٹھاناچاہتاہے۔



متعللقہ خبریں