پاکستان اقتصادی لحاظ سے صحیح سمت گامزن ہے: صدر اوباما

صدر اوباما نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستانی حکومت درست اقتصادی راہ پر گامزن ہے اور مسائل پر کامیابی سے قابو پارہی ہے

204342
پاکستان اقتصادی لحاظ  سے صحیح سمت  گامزن ہے: صدر اوباما

وزیراعظم محمد نواز شریف نے صدر براک اوباما پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے آئندہ دورے کے دوران بھارتی قیادت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اٹھائیں۔ وہ صدر اوباما سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے اپنے آئندہ دورہ بھارت سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے وزیراعظم کو ٹیلی فون کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ایشیا میں پائیدار امن و استحکام اور اقتصادی تعاون قائم ہوگا۔

محمد نواز شریف نے اس سال کے شروع میں کئے گئے اپنے دورہ بھارت کا حوالہ دیا جس کا مقصد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو آگے بڑھانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات کی منسوخی اور کنٹرو ل لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ سمیت بھارت کی جانب سے مسلسل نا مناسب اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے سے گریزاں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کیلئے پاکستان کے دروازے اب بھی کھلے ہیں اور اب یہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سازگار ماحول پیدا کرے۔ صدر اوباما نے پاکستان کے موقف سے ہم آہنگی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا جو بہتری کی سمت گامزن ہیں۔
صدر اوباما نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستانی حکومت درست اقتصادی راہ پر گامزن ہے اور مسائل پر کامیابی سے قابو پارہی ہے۔ صدر اوباما نے یہ بھی یقین دلایا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے صدر اشرف غنی کے حالیہ دورہ اسلام آباد کے تناظر میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری کا حوالہ دیا۔
دونوں رہنمائوں نے جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کی مشترکہ خواہش کے پیش نظر پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں