فوجی آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا: نواز شریف

دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو پاکستان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کر دیے جائیں گے۔ یہ فوجی آپریشن ہماری آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لیے ہے۔وزیراعظم کا قومی اسمبلی سے خطاب

300579
فوجی آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا: نواز شریف

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن " ضرب عضب" آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو پاکستان سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کر دیے جائیں گے۔ یہ فوجی آپریشن ہماری آئندہ نسلوں کے تحفظ کے لیے ہے۔
وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوے کیا۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن پر ایوان کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ ساڑھے چار ماہ قبل ایوان کو آگاہ کیا تھا کہ امن کو ایک اور موقع دینے کے لئے حکومت نیک نیتی اور پورے خلوص کے ساتھ بامعنی مذاکرات شروع کررہی ہے جس کے لیے ہم نے ایک مذاکراتی کمیٹی بھی بنائی جبکہ معزز ایوان نے حکومت کے اس فیصلے کی کھلے دل سے توثیق کی جو ہمارے لیے تقویت کا باعث تھا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ افسوس اور دکھ کا مقام ہے کہ ساڑھے چار ماہ جاری رہنےو الے مذاکرات بھی امن کی طرف بڑی پیش رفت نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے طالبان سے صدق دل سے مذاکرات کیے لیکن انہوں نے ہماری نیک نیتی کا ناجائز فائدہ اٹھایااورہماری کوششوں کو ناکام بنادیاگیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو امن کی سرزمین بنانے کا فیصلہ کیا ہے اوردہشت گردی کے نہ ختم ہونے والے سلسلے اور بالخصوص کراچی ایئرپورٹ حملے کےبعد آپریشن کا فیصلہ باہمی مشاورت اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کیا گیا ہے اور میرا یقین ہے کہ آپریشن وطن عزیز میں امن وسلامتی کے ایک دور کا پیش خیمہ ثابت ہوگا جس میں ہم اپنے تمام خوابوں کو حقیقت کی شکل دے سکیں گے جو ہم نے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دیکھیں ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہمیں اس راستے کی مشکلات نقصانات کا اندازہ ہےلیکن پاکستان اور پاکستانی عوام کے دشمنوں نے اپنے طرز عمل سے ہمارے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑاکیونکہ پاکستان دہشت گردی کی بہت بھاری قیمت ادا کرچکا ہے ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے آپریشن سے بچنے کے لیے صبر سے کام لیا،اشتعال انگیزیوں کو بھی برداشت کی لیکن فیصلہ کن اقدام کا مرحلہ آنے کےبعد آپریشن کا آغاز ہوچکا ہے اب پوری قوم مسلح افواج کے جان بازوں کے ساتھ کھڑی ہے وہ اہل وطن کی سلامتی کا معرکہ لڑ رہے ہیں اور اس معرکے میں ماؤں بہنوں اور بیٹیوں سمیت ہر پاکستانی کی دعائیں ان کےساتھ ہیں ہم پاکستان کو ایسا ملک بنانے میں کامیاب رہیں گے جہاں انسان کی جان و مال کی تکریم ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں واضح کردوں اب کسی قیمت پر بھی ملک دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں بننے دیا جائےگا کیونکہ ہمیں پختہ عزم کے ساتھ ایک ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں امن وسلامتی ترقی وخوشحالی کا راج ہو۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں