حماس: اسرائیل مکمل انخلاء کرے اور بے گھر فلسطینی واپس لوٹیں۔۔۔ کوئی لچک موضوع بحث نہیں ہو گی

ہمارے عوام کے تحفظ ، آبشاروں کی طرح بہتے خون اور قتل عام  کو روکنے کی واحد ضمانت پائیدار فائر بندی ہے: عزت الرشق

2128080
حماس: اسرائیل مکمل انخلاء کرے اور بے گھر فلسطینی واپس لوٹیں۔۔۔ کوئی لچک موضوع بحث نہیں ہو گی

حماس سیاسی بیورو کے رکن عزت الرشق نے کہا ہے کہ "اسرائیل کے غزّہ سے مکمل انخلاء اور بے گھر فلسطینیوں کی آزادانہ واپسی کے معاملے میں کوئی چھُوٹ دینا ناممکن ہے"۔

عزت الرشق نے جاری کردہ تحریری بیان میں، فائر بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے موضوعات پر اپنا موقف، واضح کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ "قابضوں کے غزّہ سے مکمل انخلاء اور بے گھر فلسطینیوں کی غزّہ کی پٹّی میں آزادانہ واپسی کے معاملے میں کوئی لچک موضوع بحث نہیں ہے۔ ہمارے عوام کے تحفظ ، آبشاروں کی طرح بہتے خون اور قتل عام  کو روکنے کی واحد ضمانت پائیدار فائر بندی ہے"۔

رشق نے کہا ہے کہ "قابض، عارضی فائر بندی کرنا چاہتے ہیں۔ اس طرح وہ غزّہ کی پٹّی سے اپنے قیدیوں کو نکالنے کے بعد علاقے میں نسل کشی اور جنگ کو دوبارہ شروع کر دیں گے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ غزّہ  میں 6 ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ میں قابض قوّت کو کوئی فتح حاصل نہیں ہوئی۔ زخمی اور ہلاک کئے گئے شہریوں اور تباہ شدہ شہر کے مناظر  فتح کے نہیں شکست کے غمّاز ہیں۔

دنیا بھر میں اسرائیل کے تصّور پر بھی بات کرتے ہوئے عزت الرشق نے کہا ہے کہ "اس وقت اسرائیل دنیا بھر میں ایک  ناپسندیدہ کردار ہے۔ عالمی رائے عامہ ہمارے عوام اور ہمارے برحق دعوے کے ساتھ ہے"۔

یاد رہے کہ اسرائیل، غزّہ پر 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں ،  34 ہزار سے زائد شہریوں کو قتل کر چُکا ہے  اور ان میں زیادہ تر تعداد معصوم بچوں کی ہے۔



متعللقہ خبریں