پاکستانی وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے مکہ مکرمہ میں ملاقات

ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا

2126094
پاکستانی وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے مکہ مکرمہ میں ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان مکہ المکرمہ میں ملاقات ہوئی ۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے  اسرائیل کے غزہ میں غیرقانونی اقدامات کو روکنے اور غزہ تک امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی پر زور دیا۔

ذرائع کے  مطابق وزیراعظم شہباز شریف  جو سعودی عرب کے دورے پر ہیں کی کل مکہ المکرمہ کے الصفاء پیلس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے ملاقات میں وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کی غیر متزلزل حمایت اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کی بات چیت کا محور باہمی  برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے راستوں پر غورکرنے پر محیط تھا۔

ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے باہمی عزم کا اظہار کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکیج کے پہلے حصے کو  جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

دونوں رہنماؤں نے غزہ کی تشویشناک صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو روکنے اور انسانی جانی نقصان کو کم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں  میں تیزی لانے پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے عالمی  برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ بڑھائیں تا کہ وہ اپنے غیر قانونی اقدامات سے باز آئے اور بین الاقوامی قانون کی پاس داری کرے۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کرلیا۔

 



متعللقہ خبریں