ایران نے امریکی فوجیوں کی ہلاکت سے لاتعلقی ظاہر کردی

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق، ایرانی نمائندے نے کہا کہ ہمارا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے،یہ امریکی فوج اور علاقے میں موجود مزاحمتی قوتوں کے درمیان جھڑپوں کا نتیجہ ہے

2094449
ایران نے امریکی فوجیوں کی ہلاکت سے لاتعلقی ظاہر کردی

ایران نے امریکی اور برطانوی الزامات کی تردید کی ہے کہ اس نے اردن میں ڈرون حملے میں ملوث مزاحمت کار گروپوں کی حمایت کی ہے۔ 

ایرانی خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کے حوالے سے کہا کہ یہ دعوے مخصوص سیاسی اہداف کے ساتھ خطے کے حقائق کو پلٹنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

  یاد رہے کہ ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے  گزشتہ روز کہا تھا کہ شام اور عراق میں سرگرم ایرانی نواز  مزاحمت کار گروپ اردن کے شمال مشرق میں سرحدی فوجی مرکز پر حملے کے پیچھے ہیں۔

کنعانی نے آج کہا ہے کہ  ایران ان دعوؤں کو بے بنیاد سمجھتا ہے۔

کنعانی نے یہ بھی کہا کہ شام اور عراق پر امریکی حملوں کے ساتھ ساتھ غزہ میں جنگ جاری رہنے سے خطے میں عدم استحکام کا سلسلہ مزید تیز ہو جائے گا۔

کنعانی نے کہا کہ مزاحمتی گروپ اسلامی جمہوریہ ایران  سے احکامات نہیں لیتے۔

اس سے قبل امریکہ میں ایران کے مشن نے ایک بیان جاری کیا جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ایران کا امریکی فوجی مرکز پر حملے سے کوئی تعلق اور واسطہ نہیں ہے۔

 دوسری جانب ، اقوام متحدہ میں متعین ایرانی نمائندے نےبھی  کہا ہے کہ شام۔اردن  سرحد پر امریکی فوجیوں پر حملے میں ہمارا ہاتھ نہیں ہے ۔

 ایرانی نمائندے نے کہا کہ ہمارا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے،یہ امریکی فوج اور علاقے میں موجود مزاحمتی قوتوں کے درمیان جھڑپوں کا نتیجہ ہے ۔

واضح رہے کہ  صدر بائیڈن نے امریکی اڈے پر ڈرون حملے میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت   اور 34 کے زخمی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب اردنی حکومت نے بتایا تھا کہ یہ حملہ ہماری سرزمین پر نہیں بلکہ شام میں واقع التنف فوجی اڈے پر کیا گیا تھا۔

 



متعللقہ خبریں