عباس کا فلسطینی اتھارٹی کے مستقبل پر کانفرنس سے خطاب

فلسطین کے صدر محمود عباس نے دریائے اردن کے مغربی علاقے میں فلسطینی اتھارٹی کے مستقبل پر ہونے والی کانفرنس سے خطاب کیا ۔

249763
عباس کا  فلسطینی اتھارٹی کے مستقبل پر کانفرنس سے خطاب

دریائے اردن کے مغربی علاقے میں فلسطینی اتھارٹی کے مستقبل پر ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ اگرچہ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئی ہیں اور مذاکرات کے کئی ادوار ناکام ہو چکے ہیں لیکن ہم اسرائیل کیساتھ مذاکرات کو جاری رکھنے کے خواہشمند ہیں ۔ ہم پوری دنیا سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کی اپیل کرتے ہیں ۔ مختلف ممالک کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم مذاکرات نہیں چاہتے اور سیاسی بات چیت سے بھاگ رہے ہیں۔ہم مسئلے کے سیاسی حل پر یقین رکھتے ہیں اور ہمارا موقف ہے کہ اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اب بھی کھلا ہے ۔ فلسطینی صدر کے بیان پر اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر ردعمل سامنے نہیں آیا۔قبل ازیں فلسطین نے اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ فلسطین کی جانب سے مقدمہ یکم اپریل کو دائر کیاجائے گا۔ادھر اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 2014 میں غزہ پر جارحیت کے دوران فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کرے ۔جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے فلسطین سے متعلق خصوصی نمائندے مکرم ویبی سونو نے اپنی پہلی رپورٹ جاری کی ہے جس میں اسرائیل سے شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے 71 فوجی ہلاک ہوئے جبکہ فلسطین کے 2200 سے زائد شہری مارے گئے جن میں 538 بچے شامل تھے ، جنگ میں دونوں طرف سے ہلاکتوں میں اتنا زیادہ فرق طاقت میں عدم توازن کو بھی ظاہر کرتا ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں