امریکی اتحادی افواج کی بمباری،آئل ریفائنریاں تباہ

امریکہ کی زیر قیادت اتحادی افواج نے شام میں دولت اسلامیہ کے زیر قبضہ تیل کے کارخانوں کو فضائی کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا ہے جس میں کم از کم 14 شدت پسندوں سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں

139970
امریکی اتحادی افواج کی بمباری،آئل ریفائنریاں تباہ

امریکہ کی زیر قیادت اتحادی افواج نے شام میں دولت اسلامیہ کے زیر قبضہ تیل کے کارخانوں کو فضائی کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا ہے جس میں کم از کم 14 شدت پسندوں سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس حملے کے بعد شدت پسندوں نے مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر درجنوں قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔
یہ امریکہ کی زیر قیادت اتحادی افواج کی کارروائی کا تیسرا دن ہے جن کا مقصد شام کے شدت پسند گروپ کے ذرائع آمدنی کو محدود کرتے ہوئے ان کی پیش قدمی روکنا ہے۔
یاد رہے کہ ہمسایہ ملک عراق میں امریکہ ایک مہینے سے زائد مدت سے فضائی کارروائیاں کررہا ہے۔
رواں سال کے آغاز میں شدت پسند گروپ نے ملک کی سب بڑی آئل ریفائنری سمیت بہت سے علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا جہاں ماہرین کا کہنا تھا کہ وہ آئل کی اسمگلنگ اور اس کی کالا بازاری کر کے آمدنی کے وسائل پیدا کر رہے ہیں۔
شام کے لیے برطانوی انسانی حقوق کی تنظیم اور دو سماجی گروپوں کے مطابق مشرقی صوبے دیر ال زور کے علاقے میادین میں تیل کی چار تنصیبات اور تین ذخائر کو نشانہ بنایا۔
فضائی کارروائیوں میں کم ازکم 14 شدت سپند ہلاک ہوئے جبکہ شمال مشرقی صوبے حساکہ میں آئل ریفائنری کے قریب رہنے والے پانچ افراد بھی مارے گئے ۔
دوسری جانب فضائی کارروائیوں کے بعد شدت پسندوں نے شام کے شمال مشرقی علاقے راقہ سے 150 سے زائد افراد کو رہا کردیا ہے۔
اس کے علاوہ دریائے فرات کے کنارے ترک اور عراقی سرحد سے متصل علاقوں میں شدت پسندوں کی چوکیوں، تربیتی کیمپوں اور گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں