پاکستانی ٹیم نے دنیا بھر کو ششدر کر کے رکھ دیا

پاکستان نے ٹورنا منٹ کی فیورٹ ٹیموں میں سے برطانیہ کو سیمی فائنل میں بڑی آسانی سے شکست دیتے ہوئے چمپینز ٹرافی کی تاریخ میں پہلی بار فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے

752837
پاکستانی ٹیم نے دنیا بھر کو ششدر کر کے رکھ دیا

برطانیہ میں کھیلی جانے والی چمپینز ٹرافی میں پاکستان  نے  دل برداشتہ  کرنے والے  آغاز کے بعد  مسلسل تین میچ  جیتتے ہوئے اپنے کھوئے ہوئے وقار کو دوبارہ حاصل کرنے میں  ایک انتہائی اہم موقع حاصل کر لیا ہے۔

کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے گئے  اس سلسلے کے پہلے سیمی فائنل میں فیورٹ برطانیہ  بیٹنگ اور باولنگ میں پاکستانی ٹیم کے سامنے بے بس دکھائی دی،  میزبان ملک کی  پوری ٹیم آخری اوور میں 211 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

محمد عامر کی غیر موجودگی میں بھی پاکستانی باؤلرز نے عمدہ کھیل پیش کیا اور عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی موقع پر انگلش ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ جنید خان اور رومان رئیس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

کم رنز کے ہدف نے پاکستانی ٹیم کے حوصلے مزید بلند کر دیے  اور اس نے فخر زمان اور اظہر علی کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت 2 وکٹ کے نقصان پر 38ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

فخر  زمان نے اننگز کی چوتھی ہی گیند پر شاندار چھکا لگاکر اپنے جارحانہ عزم کا اظہار کیا ،  دونوں اوپنرز   کی مضبوط  بیٹنگ نے پاکستان کی فتح کو مزید آسان بنا دیا۔

بابر اعظم اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کی  42 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور   پاکستان کی فتح میں اپنا بھی حصہ ڈالا۔

 

حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چمپینز ٹرافی میں سعید اجمل کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، حسن علی نے 10 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد چمپینز ٹرافی میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باولر بن گئے ہیں۔

پاکستان  اب  اپنی  حریف ٹیم کا منتظر ہے  جس کا تعین  کل  بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل  میچ کے  ساتھ ہو گا۔



متعللقہ خبریں