ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔ 20.12.2023

آج کے ملکی اخبارات سے چیدہ چیدہ خبریں

2078738
ترکیہ کے اخبارات سے جھلکیاں۔ 20.12.2023

۔۔۔روزنامہ صباح: "یورپی یونین کو اب اس غلطی سے باز آجانا چاہیے" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے دورہ ہنگری سے واپسی کے دوران طیارے میں اخباری نمائندوں کے سوالات کے جواب دیئے ہیں۔ ترکیہ کے یورپی یونین رکنیت مرحلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ "ترکیہ، یورپی یونین کی رکنیت کے لئے ، متعدد رکن ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیار حالت میں ہے۔ ترکیہ کو سالوں سے سیاسی رکاوٹیں کھڑی کر کے انتظار کروایا جا رہا ہے۔ یہ ایک خطا ہے اور یورپی یونین کو اب اس خطا سے باز آ جانا چاہیے"۔

 

۔۔۔روزنامہ اسٹار: "ترکیہ کے بغیر ہماری سلامتی کی کوئی ضمانت نہیں ہے" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ ہنگیرین  ذرائع ابلاغ نے  دارالحکومت بداپشت میں صدر ایردوان کی ملاقاتوں اور مذاکرات  کو وسیع کوریج دی ہے۔ ایردوان ۔ اوربان ملاقات کو ہنگیرین ذرائع ابلاغ نے "ترک اور ہنگیرین  21 ویں صدی کے فاتح ہوں گے" کی سرخی  اور وزیر اعظم اوربان کے "ترکیہ کے بغیر ہنگری کی سلامتی ناممکن ہے" کے الفاظ پر مبنی بیان کے ساتھ شائع کیا ہے۔

 

۔۔۔ روزنامہ حریت: "وزیر خارجہ خاقان فیدان کی وزیر خارجہ فواد حسین کے ساتھ ملاقات" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ وزیر خارجہ فیدان نے کل اپنے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ ملاقات کی۔ ترکیہ وزارت خارجہ کے سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات انقرہ میں طے پائی ہے۔

 

۔۔۔ "ترکیہ وزارت خارجہ کی طرف سے چین کے لئے تعزیتی پیغام" ۔یہ سرخی ہے روزنامہ وطن کی۔ اخبار لکھتا ہے کہ ترکیہ وزارت خارجہ نے کل جاری کردہ بیان میں زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کے عزیزوں، چینی عوام اور حکومت کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

 

۔۔۔ " ترکیہ کی 119 یونیورسٹیاں دنیا کی 3 ہزار بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست میں"۔ یہ سرخی ہے روزنامہ خبر ترک کی۔ اخبار لکھتا ہے کہ ترکیہ مِڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی کی یونیورسٹی رینکنگ پرفارمنسURAP لیبارٹری کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ترکیہ سے 119 یونیورسٹیاں "دنیا کی 3 ہزار بہترین یونیورسٹیوں" کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں۔  ان میں سے حاجت تیپے یونیورسٹی  بہترین درجے پر رہی ہے۔



متعللقہ خبریں