ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 28.09.2020

ترک ذرائع ابلاغ

1498612
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 28.09.2020

آج کے ترکی کے اہم اخبارات کی اہم خبروں کے ساتھ حاضر خدمت ہیں۔

 

روزنامہ  وطن : "آذربائیجان کی جانب سے آرمینیا کے خلاف جوابی کاروائی "

آذربائیجان اور آرمینیا  کے درمیان جھڑپیں  جاری ہیں۔  آذربائیجان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ آرمینیا کی مسلح افواج کے خلاف جنگی سرگرمیاں اور شہری آبادی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے محاذ آرائی کے ساتھ جوابی حملے  کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آرمینیا - آزربائیجینین فرنٹ لائن پر آرمینی فوج کی آذربائیجان کی شہری آبادیوں  پر فائرنگ کے بعد کل صبح جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ آذربائیجان کی فوج نے جوابی کاروائی کی اور کچھ بستیوں کو قبضے سے آزاد کروالیا۔

 

روزنامہ خبر ترک : "ترکی کی جانب سے  آذربائیجان کی مکمل حمایت"

 

صدر رجب طیب  ایردوان نے آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان پر کیے جانے والے حملے کے  بعد بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ  اس حملے سے ایک بار پھر ظاہر  ہوتا ہے کہ آرمینیا  خطے میں امن و آشتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔صدر ایردوان  نے کہا ، "ترک قوم ہمیشہ کی طرح آج بھی اپنے تمام  وسائل کے ساتھ آذربائیجانی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔"

 

روزنامہ صباح: "شمالی قبرصی ترک  جمہوریہ کی جانب سے  آذربائیجان کو یکجہتی کا پیغام"

شمالی قبرصی ترک  جمہوریہ کے صدر مصطفی آکنجی نے آذربائیجان کے علاقوں پر آرمینیا کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ صدر  آکنجی نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ قارا باغ  تنازعہ ، جو آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین کئی دہائیوں  سے حل طلب ہے ، ایک بار پھر گرم تنازعہ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ آکنجی نے کہا ، "میں ترک قبرصی عوام کی طرف سے دوستانہ اور برادرانہ آزربائیجانی  عوام سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔"

 

روزنامہ ینی شفق : "ترک مسلح افواج کے لئے نئی اینٹی ائیرکرافٹ گن"

ترک مسلح افواج  نے  مقامی  اور  قومی وسائل سے 25 ملی میٹر اینٹی ایرکرافٹ گن تیار کی ہےاور تمام ٹسٹ میں کامیابی حاصل کی ہے اور اب  جلد ہی  ترک مسلح افواج کے استعمال میں لانے کی تیاریاں  شروع  کردی گئی ہیں۔ بکتر بند گاڑیوں اور ریموٹ کنٹرول ہتھیاروں کے ٹاوروں میں استعمال ہونے والی  انٹی  ائیر کرافٹ گن تمام مواسم  اور جنگی ماحول میں مرکزی ہتھیار کے طور پر استعمال کی جاسکے گی۔  

 

روزنامہ اسٹار: "ٹیکنوفسٹ 2020 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر "

اس سال تیسری بار  غازی انتیپ میں منعقد ہونے والا دنیا کا سب سے بڑا ہوا بازی ، خلائی اور ٹکنالوجی فیسٹیول 'ٹیکنوفسٹ 2020 بڑے  جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔  چار روزہ ٹکنالوجی میلے کے مختلف شعبوں میں  ہونے والے مقابلوں میں فاتحین کو ایوارڈز دیئے گئے۔ میلے کے دوران ترک اسٹارز اور سولو ترک کی حیرت انگیز پروازیں قابلِ تعریف تھیں ۔ اتاک ہیلی کاپٹروں کے  شو پر شائقین نے خوب داد دی۔  

 



متعللقہ خبریں