ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 09.04.20

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 09.04.20

1394674
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 09.04.20

*** روزنامہ اسٹار:" صدر رجب طیب ایردوان کی چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی۔ وزارت مواصلات کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مذاکرات میں کووِڈ۔19 کے خلاف جدوجہد میں باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔

 

*** روزنامہ حریت: "فخر الدین آلتن کی طرف سے بین الاقوامی تعاون کا پیغام" کی سرخی سے لکھتا ہے کہ ترکی دنیا میں امن و امان اور باہمی اتحاد و تعاون کے قیام کا خواہش مند ہے۔ فخر الدین آلتن نے "کووِڈ۔19 کے تجربات اور وباء کے خلاف جدوجہد میں بین الاقوامی تعاون" کے زیر عنوان وزارت مواصلات کے ویڈیو کانفرنس اجلاس سے خطاب کیا۔ خطاب میں انہوں نے کہا کہ " گلوبل وباء کے دنوں میں کہ جب بین الحکومتی تعلقات بے اصولی کا رجحان دکھا رہے ہیں ترکی کا اپنے شہریوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ضرورت مند ممالک کا بھی خیال رکھنا ترکی کے بین الاقوامی اتحاد و تعاون پر مبنی روّیے کا ٹھوس ثبوت ہے"۔

 

*** روزنامہ صباح: " ترکی کی امداد بالقانی ممالک میں پہنچ گئی" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کے ساتھ تعاون کے لئے ترکی کی طرف سے بالقانی ممالک کے لئے امدادی سامان پر مشتمل کارگو طیارے نے بالترتیب بوسنیا ہرزیگوینیا، سربیا اور مقدونیہ میں لینڈنگ کر کے امدادی سامان ان ممالک کے حوالے کر دیا ہے۔ امداد کی وصولی کے بعد مذکورہ ممالک کے وزراء نےجاری کردہ بیانات میں ترکی کا شکریہ ادا کیا ہے۔

 

*** روزنامہ وطن : " ہم اپنی اقتصادیات کو بحال رکھیں گے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ وزیر خزانہ بیرات آلبائراک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس وباء کے بعد سامنے آنے والے نئے ورلڈ آرڈر میں مضبوط ترین شکل میں جگہ پانے کے لئے ہم پہلے سے کہیں زیادہ محنت کریں گے۔ آلبائراک نے ٹویٹرسے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ " ہم پہلے تو اس وباء پر قابو پائیں گے اور اس کوشش کے دوران اپنی اقتصادیات کو اور پیداواری سیکٹر کو بھی بحال رکھیں گے"۔

 

*** روزنامہ خبر ترکی: " چین کے لئے خشک خوبانی کی برآمد میں 125 فیصد اضافہ" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ ترکی کی چین کے لئے خشک خوبانی کی برآمد اگست 2019 سے مارچ 2020 کے درمیان 125 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ملین ڈالر سے بڑھ کر 4.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ ایجئین ڈرائی فروٹ اور ڈرائی فروٹ مصنوعات برآمد کندگان یونین  کے سربراہ برول جیلیپ نے کہا ہے کہ یکم اگست 2019 سے 30 مارچ 2020 تک کے عرصے میں 76 ہزار ٹن خوبانی کی برآمد کر کے 197 ملین ڈالر زرِ مبادلہ حاصل کیا گیا ہے۔



متعللقہ خبریں