ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 07.01.2018

ترک ذرائع ابلاغ

1120641
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں  - 07.01.2018

*** روزنامہ سٹار:  "دنیا کی نظریں ایردوان -  پوتین مذاکرات پر"

 ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان اور روس کے صدر ولادِ میر پوتین کے درمیان سن  2019 کے پہلے مذاکرات    اس  ماہ منعقد کیے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔ ماہ جنوری میں صدر ایردوان روس کا دورہ کریں گے اور روس کے صدر ولاد میر پوتین سے شام کی صورتحال سمیت  ایس  -400 دفاعی میزائل سسٹم ،  دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کیے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔

 

***روزنامہ ینی شفق:  "منبج کے عوام کا مطالبہ،  ہمیں اسد کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے"

امریکہ کی پشت پناہی حاصل کرنے والی دہشت گرد تنظیم پی کے کے/ وائی پی جی اور اسد  انتظامیہ  کے ظلم سے  تنگ آئے ہوئے شامی  باشندے ترکی کے فوجی آپریشن کے آغازکے منتظر ہیں۔  شام کے مختلف علاقوں سے ترکی ہجرت کرنے پر مجبور شامی باشندے ،  بشار الاسد کے بڑے پیمانے پر قتل عام شروع کرنے  کے  خدشات میں مبتلا ہیں اس لیے  وہ  اب بھی  ترکی ہی  میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

 

*** روزنامہ صباح:  "آٹو  موبائل برآمدات میں تاریخی ریکارڈ"

ترکی کی آٹو موبائل انڈسٹری  نے گزشتہ  سال  اپنی برآمدات میں اضافہ کرتے ہوئے 31 اعشاریہ  چھ بلین ڈالر کی برآمدات کی ہیں  جو جمہوریہ  ترکی کی تاریخ میں نیا ریکارڈ ہے۔  ترکی  کی  آٹوموبائل انڈسٹری گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل ریکارڈ قائم کرتی چلی آ رہی ہے اورہرسال اس کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

 

*** روزنامہ خبر ترک:  "انقرہ سے  روم کو براہ راست پروازیں"

ٹرکش  ائیر لائن  60 سال کے طویل عرصے بعد دارالحکومت انقرہ سے اٹلی کے دارالحکومت روم کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔  دارالحکومت انقرہ سے ماہ جنوری میں برطانیہ،  جارجیا کیلئے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ٹرکش ائرلائن 9جنوری کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن اور اٹھارہ جنوری کو جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی  کے لئے پروازیں شروع کر رہی ہے۔

 

***روزنامہ  وطن:  "ترک  فٹبال کے کھلاڑی کو بلند معاوضہ"

 ترکی کے فٹ بال کلب ترانبزون سپور  کے 19 سالہ فٹبالر عبدالقادر عمر  کو اپنی تکنیکی مہارت کی وجہ سے بڑی شہرت حاصل ہوگئی ہے اور برطانیہ کے فٹبال کلب لیورپول نے عبدالقادر عمر  کو اپنے کلب میں شامل کرنے کے لیے   27 ملین پونڈ دینے کی پیشکش کی ہے۔

 

 



متعللقہ خبریں