ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں18.07.17

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں18.07.17

772910
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں18.07.17

*** روزنامہ ینی شفق "دہشتگرد حکومت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ کل صدر رجب طیب ایردوان کی زیر صدارت منعقدہ قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے اختتامی اعلامیے میں بعض اتحادی ممالک کو ،علیحدگی پسند دہشت گرد  تنظیم PKK کی شامی شاخ PYD/YPG کے ساتھ تعاون نہ کرنے کے معاملے میں ،متنبہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بعض اتحادی ممالک کی طرف سے PYD/YPGکو فراہم کردہ اسلحے اور ایمونیشن کا PKK کے بھی ہاتھ لگنا  ترکی کے اس اعتراض کی  سچائی کی ایک دفعہ پھر تصدیق کرتا  ہے کہ یہ دہشت گرد تنظیمیں اگرچہ مختلف ناموں سے پہچانی جاتی ہیں لیکن حقیقت میں ایک ہی تنظیم ہیں۔

 

*** روزنامہ اسٹار " ترکی نے بحر روم  میں گیس کی اسمگلنگ پر کنٹرول کر لیا ہے" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ مشرق وسطی میں توانائی کی جنگوں میں بحر روم کا قبرص طاس بھی شامل ہو گیا ہے۔ ترکی نے قبرصی یونانی انتظامیہ کی طرف سے توانائی کی عالمی دیو ہیکل فرموں کو یک طرفہ  شکل میں ڈرلنگ کی اجازت دئیے جانے پر اعتراض کیا ہے۔ ترکی نے 2 تحقیقاتی بحری   جہازوں کو علاقے میں بھیج کر یہ باور کروا دیا ہے کہ اس کھیل میں وہ  بھی شامل ہے۔ گیس کے یہ ذخائر یورپی یونین کے 28 رکن ممالک  کی قدرتی گیس کی پوری ضرورت کو  سالوں تک پورا کرنے کی  اور علاقے میں بین الاقوامی توازن کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تاہم مضبوط بحری و فضائی قوت  اور بین الاقوامی قوانین کی وجہ سے تمام شرائط ترکی کے حق میں ہیں۔

 

***روزنامہ صباح " یورپی یونین ترکی کے ساتھ دوغلے پن کا مظاہرہ کر رہی ہے" کی سرخی کے ساتھ  شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ ہنگری کے خارجہ امور اور خارجہ تجارت کے وزیر 'پیٹر سزجارتو 'نے کہا ہے کہ یورپی یونین نے ترکی کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ یورپ میں بعض ممالک اپنی کمزوریوں کو ڈھانپنے کے لئے ترکی پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم یورپی یونین کی ترکی کے خلاف کی گئی کسی بھی   کاروائی کی حمایت نہیں کرتے۔  سزجارتو نے کہا ہے کہ مہاجرین کے موضوع پر ترکی نے اپنے تمام وعدوں کو پورا کیا ہے لیکن  اس کے مقابل یورپی  یونین نے اپنے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ "ہم ترکی کے بارے میں یورپی یونین کے منفی بیانات کو سمجھ نہیں پا رہے۔ بغاوت کا اقدام دہشت گردی کا اقدام ہے  تاہم اسے دہشت گردی شمار نہ کرنے پر میں بعض ممالک کی مذمت کرتا ہوں۔ دہشت گردی دہشتگردی ہے، تمہاری یا میری دہشت گردی جیسی  سوچ  بالکل بے معنی ہے۔

 

*** روزنامہ خبر ترک " قطر  میں ترک فوجی بیس صرف دو ممالک  کی دلچسپی کا موضوع ہے" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ قطر کے وزیر دفاع خالد العطیہ  نے ٹرکش ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن پر ایجنڈے  کے موضوعات کا جائزہ لیا۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین کی طرف سے قطر کو پیش کی گئی مطالبات کی فہرست میں شامل "قطر میں ترکی کی فوجی بیس کو بند کرنے " کی شق کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ "ترکی کی بیس بہت پہلے سے قطر میں موجود ہے اور ہر کوئی اسے جانتا ہے۔ اس وقت عرب ممالک اٹھ کر ہم سے اسے بند کرنے کا مطالبہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ  بیس صرف دو خود مختار حکومتوں کا باہمی معاملہ ہے" ۔

 

*** روزنامہ حریت " تاریخ کی قدیم ترین  اموجی" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ ضلع غازی آنتیپ کے تاریخی شہر قاری قامش میں کھدائی کے دوران ایک 3 ہزار 700 سال قدیم  گھڑا ملا ہے جس پر "سمائلنگ فیس " کی اموجی کھدی ہوئی ہے۔ قاری قامش تاریخی شہر میں کھدائی کے نگران اٹلی کی بولوینیا یونیورسٹی  کے پروفیسر ڈاکٹر نکولو مارشیٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ  ہم نے رواں سال تک قاری قامش میں عام طور پر فولاد کے دور اور حطیط سلطنت کے آخری دور   کے آثار  تک رسائی حاصل کی تھی لیکن رواں سال کے دوران ہم حطیط دور سے متعلق حصوں تک پہنچ گئے ہیں۔ ڈاکٹر نکولو مارشیٹی نے کہا ہے کہ کھدائی کی فیلڈ میں ہم نے قدیم زمانے کے   مختلف پیالے  پیالیاں تلاش کی ہیں۔ ان آثار میں سب سے زیادہ دلچسپ چیز 1700 سال قبل مسیح  سے متعلقہ مٹی کا گھڑا ہے جس پر "سمائلنگ فیس" کھدا ہوا ہے اور قوی احتمال کے مطابق یہ دنیا کا قدیم ترین سمائلنگ فیس ہے۔



متعللقہ خبریں