ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 15.03.16

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 15.03.16

451210
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں  15.03.16

***روزنامہ ینی شفق "یا ہمارے ساتھ ہوں یا دہشت گردوں کے ساتھ" کی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ انقرہ کے حملے کا ہدف پورا ترکی تھا۔ انہوں نے کہا ہر ایک کا کسی قسم کی معذرت کے بغیر دہشت گردی کے مقابل سینہ سپر ہونا ضروری ہے۔ آج تک کوئی دہشتگرد تنظیم یا دہشت گرد ایسا نہیں ہے کہ جس نے ایک پوری ملت کے خلاف جنگ شروع کی ہو اور اس میں کامیابی حاصل کی ہو۔ صدر ایردوان نے کہا کہ "دہشت گردی اور دہشت گرد" کے مفہوم کی نئے سرے سے تعریف بیان کر کے اسے تعزیراتی آئین میں درج کیا جانا اور دہشت گردی کے ساتھ ہر طرح کے گٹھ جوڑ اور ساز باز کرنے والوں کی بھی اس تعریف میں شامل کیا جانا چاہیے۔


***روزنامہ صباح" نئے ترکی کی رفتار کو روک نہیں سکتے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ سیاست دانوں، فنکاروں، کاروباری حضرات، سول سوسائٹیوں، کھلاڑیوں اور معاشرے کے ہر طبقے نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ترکی اس دہشت گردی پر قابو پا لے گا۔ معاشرے کے ہر طبقے نے انقرہ میں کئے گئے مذموم حملے کی وجہ سے دہشتگرد تنظیم PKK کی مذمت کی۔ ہر طبقے کا کہنا تھا کہ ترکی علاقے میں مضبوط حیثیت حاصل کر چکا ہے اور بڑے بڑے منصوبوں کی وجہ سے دنیا کی نگاہوں میں آ چکا ہے لیکن دہشت گردی کبھی بھی اس کی رفتار کو روک نہیں سکے گی۔ کاروباری حلقوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ہمیں نیچا نہیں دکھا سکتی جبکہ سیاسی حلقوں نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں عزم کا اظہار کیا۔


***روزنامہ وطن "آردا توران کی طرف سے پُر معنی پیغام" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ بارسیلونا کے عالمی شہرت یافتہ ترکی کے فٹبال اسٹار آردا توران نے اپنے انسٹاگرام پیج سے انقرہ میں دہشت گردی کے حملے سے متعلق اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ' یہ وقت ایک دوسرے کے دکھ درد میں شامل ہونے کا وقت ہے۔ میں پوری دنیا کو مخاطب کر کے کہتا ہوں کہ یہ صرف ہمارا مسئلہ نہیں ہے ، آپ کا ،ہمارا، ہم سب کا مسئلہ ہے۔ یہ وقت دہشت گردی کے خلاف جسدِ واحد ہونے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے اس دنیا میں ناحق اپنی جان سے محروم ہونے والے ہر شخص کے لئے آنسو بہائے۔ آپ کے جغرافیہ میں تکلیف پیش آنے پر ہم آپ کے ساتھ افسردہ ہوئے۔ اب آپ اس تہذیب کے مطابق طرز عمل پیش کریں کہ جسے آپ بہت سراہتے ہیں۔ ہم نے آپ کی تکلیف میں آپ کو سہارا دیا آپ کے ساتھ کھڑے ہوئے ۔ اس وقت میرے ملک میں نامعلوم گھروں میں مائیں ،باپ، بہن بھائی، خاوند بیویاں آنسو بہا رہے ہیں اب آپ بھی اپنے رد عمل کو پیش کریں۔


***روزنامہ اسٹار" معجزے کتاب کا شاندار رسم الخط" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ کوفی رسم الخط والے قرآن کریم کے اولین نسخوں کے نقطہ نظر کے ساتھ ترکی اور دنیا کی سب سے بڑی نمائش کا استنبول میں آغاز ہو گیا ہے۔ نمائش میں 8 ویں صدی سے لے کر 15 ویں صدی تک اسلامی جغرافیہ میں خوبصورت رسم الخط میں رقم کئے جانے والے تقریباً 150 قرآن کریم کے نسخوں، اوراق اور سپاروں کو صاحب ذوق کے لئے رکھا جائے گا۔ یہ نمائش 10 مئی تک جاری رہے گی۔


***روزنامہ خبر ترک "ترک فنکارہ کے ساتھ محبت الجزائر میں بھگدڑ کا سبب بن گئی" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ ترکی کی فنکارہ طوبی بیوک اُستن کے دورہ الجزائر کے دوران ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے ان کے پرستاروں کا جمِ غفیر لگ گیا۔ النہار ٹیلی ویژن نے اس بارے میں اپنی خبر میں کہا ہے کہ طوبی بیوک اُستن کے ساتھ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ طوبی کو ایک اشتہار کے لئے الجزائر میں مدعو کیا گیا تھا اور اژدہام کو روکنے کے لئے ان کی ملک میں آمد کی خبر کو پوشیدہ رکھا گیا تھا۔ خبر انٹر نیٹ سائیٹوں اور ٹیلی ویژن چینلوں نے طوبی کے دورے کو اپنی خبروں میں وسیع جگہ دی ہے۔ طوبی اقوام متحدہ کی خیر سگالی کی نمائندہ بھی ہیں اور دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔



متعللقہ خبریں