ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 05.11.15

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 05.11.15

411252
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 05.11.15

*** روزنامہ خبر ترک "صدر رجب طیب ایردوان نے نئے حل مرحلے کے نام کا اعلان کر دیا" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ صدر ایردوان نے کہا ہے کہ اگر آپ کا مطالبہ یہی ہے کہ اس مرحلے کاضرور کوئی نام ہو تو اس کا نام ملّی اتحاد اور بھائی چارے کا مرحلہ ہو۔ صدر ایردوان نے انسداد دہشت گردی کے لئے شروع کردہ اور وقتی طور پر التوا میں ڈالے ہوئے حل مرحلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس مرحلے کے لئے ضرور ہی کسی نام کی تلاش ہے تو اس کا نام " قومی اتحاد اور بھائی چارہ ہے"۔ اگر کوئی قومی اتحاد اور بھائی چارے کی بات کرنے والا موجود ہے تو ہم سب کو ایک ہی چھت تلے جمع ہونا چاہیے کیونکہ اس مسئلے کا اور کوئی حل موجود نہیں ہے"۔ نئے آئین سے متعلق مباحث پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی کو فوری طور پر نئے آئین کے مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔ اور جو کوئی اس کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کرے گا وہ 4 سال کے بعد اس کا حساب چکا دے گا۔


***روزنامہ صباح "عالمی منڈیوں کے دیو ہیکل نام ترکی سے مطمئن ہیں" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ عالمی منڈیوں کو رُخ عطا کرنے والے مالیاتی اداروں نے ترکی کے انتخابات سے واحد پارٹی کی حکومت کے طور پر نکلنے کو بہترین نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح ترکی کی اقتصادیات میں تیزی آئے گی اور نجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی رفتار میں تیزی آئے گی۔ بین الاقوامی فنانس انسٹیٹیوٹ کے سربراہ ماہرِ اقتصادیات کلے بیری نے کہا ہے کہ "نتائج کے اعلان سے لے کر اب تک ترک اثاثوں میں ایک بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے"۔ کامرس بینک ترقی پذیر منڈیوں کے ماہرِ اقتصادیات تاتھا گھوسے نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد آئندہ سال سے متعلق اقتصادی بڑھوتی کے اندازوں میں 2.5 سے 3.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 

 

***روزنامہ حریت "حمدی اُلُوکھایا کے لئے اقوام متحدہ کی طرف سے عالمی قیادت کا ایوارڈ" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ اقوام متحدہ وقف اور اقوام متحدہ امریکہ سوسائٹی نے عالمی شہرت کے حامل دہی کے مارکہ "چوبان" کے بانی اور فرم کے ایگزیکٹیو حمدی اُلُوکھایا کو پناہ گزینوں کے لئے انسانی امداد کے لئے رضا کارانہ کام کی وجہ سے " عالمی قیادت کا ایوارڈ" دیا ہے۔اُلو کھایا اپنی فرم میں 30 فیصد ملازمین کو پناہ گزینوں سے لینے اور انسانی امداد کے لئے پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے نیو یارک میں منعقدہ تقریب میں پوری دنیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر ہم سب متحد ہو جائیں اور مل کر کام کریں تو اس بحران کو حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو حکومتوں پر مہاجر پالیسیوں میں تبدیلی لانے کے لئے دباو ڈالنا چاہیے۔


*** روزنامہ وطن " کزل ارماک پرندوں کی جنت یونیسکو کے راستے پر" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ سامسون میں کزل ارماک ڈیلٹا بحر اسود کے ساحلوں پر ترکی کا واحد دلدلی علاقہ ہے جس کے یونیسکو کی فہرست میں داخل ہونے کے لئے کاروائیاں کی جا رہی ہے۔55 ہزار ہیکٹر اراضی کا یہ ڈیلٹا سال کے 12 ماہ میں مختلف پرندوں کی میزبانی کرتا ہے ۔


*** روزنامہ اسٹار " چوتھے عالمی عجوبے کو دوبارہ کھڑا کیا جائے گا" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ دنیا کے سات عجوبوں میں سے ایک 226 قبل مسیح کے زلزلے میں ٹوٹنے والے روڈوس کے مجسمے کو 2200 سال کے بعد دوبارہ سے تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق مجسمے کا قد 150 میٹر ہو گا اور اس میں عجائب گھر، ثقافتی مرکز، لائبریری اور ریسٹورنٹ ہو گا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں