ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 31.10.15

ترک ذرائع ابلاغ

405891
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 31.10.15

روزنامہ ینی شفق "استحکام پر ووٹنگ ہو گی" کے زیر عنوان لکھتا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے یکم نومبر کے عام انتخابات کے کلیدی اہمیت کے حامل ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ " یہ انتخابات بیک وقت ملکی استحکام کے لیے ووٹنگ کی حیثیت بھی رکھتے ہیں۔ اگر ہم ملک گیر استحکام و اعتماد کے قیام کے متمنی ہیں تو ہمیں اپنے ووٹ کو کس سیاسی جماعت کے حق میں دینے کا سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔ "
روزنامہ حریت نے "اتفاق قائم نہ کر سکے" کے عنوان کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ شام کی خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے ویانا میں کل امریکہ، روس، ترکی، سوعدی عرب اور ایران سمیت 17 ملکوں کے وزراء خارجہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس دوران فائر بندی کے لیے مشترکہ جدوجہد کا عندیہ دیا گیا۔ تا ہم شام کے بحران کو گھمبیر بنانے والے شامی لیڈر اسد کے مستقبل کے بارے میں ایک بار پھر اتفاقِ رائے قائم نہ ہو سکا۔
امریکی وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ روس اور ایران کے ساتھ اسد کے مستقبل کے معاملے میں نظریاتی اختلاف تا حال جاری ہے۔ ترک سیکرٹری خارجہ فریدون سنیر لی اولو کا بھی کہنا ہے کہ اسد کے ساتھ امن کا قیام نا ممکن ہے۔ اخبار کے مطابق اجلاس کے اختتام پر شریک ممالک نے دو ہفتوں کے اندر دوبارہ یکجا ہونے کے معاملے پر مصالحت قائم کی ہے۔
ویانا میں شام کے بحران کا حل تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں تو دمشق کے مشرق میں واقع تحصیل دوما میں اسد نواز قوتوں کے رہائشی مقامات پر میزائل حملوں سے 47 افراد ہلاک جبکہ ایک سو زخمی ہو گئے۔
روزنامہ صباح "خارجہ تجارت کا خسارہ گزشتہ ساڑھے 5 سالوں کم ترین سطح پر " جلی سرخی لگاتے ہوئے لکھتا ہے کہ خارجہ تجارت کا خسارہ تیل کے کم نرخوں کی بدولت ماہ ستمبر میں گزشتہ برس کے اسی دورانیہ کے مقابلے میں 46٫6 فیصد کی شرح سے گرتے ہوئے 3٫7 ارب ڈالر تک ہو گیا ہے ، جو کہ فروری 2010 کے بعد کی کم ترین سطح ہے۔
روزنامہ صباح " ایپل پر ایک ترک کی مہر ثبت " عنوان کے تحت لکھتا ہے کہ انطالیہ اور لندن میں گرافک ڈیزائننگ کا کام کرنے والے اور ہالی وڈ کی فلموں کے پوسٹرز کے منصوبوں میں جگہ پانے والے گیوکشان اوزمان نے ایپل کے لیے پہلی پہننے کی قابل منصوعات میں سے ایپل واچ کے لیے ایک اپلیکیشن تیار کی ہے۔
34 سالہ اوزمان نے ہالی وڈ کی فلموں نوح، گریویٹی، رانگ ڈور، وائلڈ گاڈ، ایج آف ٹومارو ، منی ہنٹر، دی ٹرانسپورٹر اور 40 ڈیز 40 نائٹس نامی فلموں سمیت عالمی شہرت یافتہ کئی ایک پروڈکشنز کے تعارفی منصوبوں پر کام کیا ہے۔ ان کی طرف سے تیار کردہ اپلیکشن اسوقت سب سے زیادہ تعداد میں ڈاون لوڈ کی جانے والی اپلیکیشن میں سرِ فہرست ہے۔
روزنامہ وطن "سٹار وارز گلی کوچوں میں" جلی سرخی لگاتے ہوئے اپنی خبر میں لکھتا ہے کہ سٹار وارز سیریز کے سلسلے کی نئی فلم سٹار وارز سیون کے سینما گھروں میں دکھائے جانے سے قبل میڈرڈ میں گلی کوچوں میں ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ فلم کے کرداروں کے استعمال کردہ مخصوص لباس اور دیگر اشیاء کی ہسپانوی دارالحکومت میں نمائش کی جا رہی ہے۔ جس میں عوام گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں