ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 22.09.2015

ترک ذرائع ابلاغ

353012
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 22.09.2015

*** روزنامہ حریت نے " 13 ملین انسان سیاحت پر" کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ نو روز کی عید کی چھٹیوں سے فائدہ اٹھا کر سیاحت پر نکلنے والے افراد کو اب واپسی کی ٹکٹ حاصل کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے کیونکہ سب ٹکٹیں پہلے ہی سے فروخت ہو چکی ہیں اور مزید ٹکٹیں حاصل کرنا ممکن نہیں رہا ہے۔ اخبار کے مطابق نو ملین افراد بسوں ، تین ملین افراد فیری بوٹس اور اڑھائی ملین افراد طیاروں کے ذریعے سفر پر روانہ ہوئے اس کے علاوہ اپنی گاڑیوں کے ذریعے جانے والے افراد کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔ اس لیے ان تمام افراد کی واپسی پر ٹریفک پر شدید بوجھ پڑے گا اور خاص طور پر ان افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا جنہوں نے ابھی تک واپسی کی ٹکٹ نہیں خریدی ہے۔

***روزنامہ ینی شفق نے" مغربی تھریس میں نیا ریکارڈ" کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ یونان میں ہونے والے قبل از وقت انتخابات میں مغربی تھریس کے عوام نے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور پہلی بار علاقے سے چار اراکین کو منتخب کروانے میں کامیابی حاصل کی ہے جس سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

***روزنامہ سٹار نے " ترکی کے کوئلے کی کان کے ٹینڈر کو حاصل کرنے کے لیے مشرقِ بعید کی فرموں کے درمیان سخت مقابلہ" کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ ترکی کے سب سےاہم کوئلے کے ذخائیر آفشین – البستان سے کوئلہ نکالنے کے لیے مختلف فرموں کے درمیان سخت مقابلہ شروع ہوگیا ہے۔ اخبار کے مطابق متحدہ عرب امارت کی فرم کے اس ٹینڈر سے نکلنے کے بعد تین مختلف ممالک نے اس میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ جنوبی کوریا کی فرم کے علاوہ چین اور جاپان کی فرموں نے بھی آفشین – البستان کے کوئلے کے ذخائیر سے استفادہ کرنے اور بارہ بلین ڈالر کی سرمایہ کاری سے تین نئے پلانٹ لگانے کےلیے حکومتِ ترکی سے رجوع کیا ہے۔ اخبار کے مطابق اس سلسلے میں جاپان کی فرم کے نمائندوں نے حکومت ترکی کے حکام سے بات چیت بھی کی ہے اور اپنی دلچسپی سے آگاہ بھی کیا ہے۔ مشرقِ بعید کے ان تین ممالک کے علاوہ آفشین- البستان کوئلے کے ذخائیر میں فرانس اور قطر نے بھی اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

***روزنامہ صباح نے " یوزگات کا ننھا سٹار آسکر ایوارڈ کی تقریب میں حصہ لے گا" کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ یوزگات کے علاقے ییر قوئے میں آباد از جی خاندان کے پانچویں صاحبزادے دوان ازجی جنہوں نے سواس نامی فلم میں اپنے کردار کی وجہ سے بڑی شہرت حاصل کی ہے متحدہ امریکہ میں 88ویں آسکر ایوارڈ کی تقریب میں ترکی کی نمائندگی کریں گے۔ دوان ازجی اپنے والد کے ہمراہ 13 اکتوبر کو متحدہ امریکہ روانہ ہوں گے۔

***روزنامہ وطن نے " آٹھ سو سالہ صنوبر کے درخت کو بچالیا گیا " کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ انطالیہ میں گزشتہ سال ایک فرم کی جانب سے 800 سالہ پرانے صنوبر کے درخت کو کاٹے جانے کی اطلاع ملی تھی جس پر گرین پیس والوں نے شکایت کرتے ہوئے درخت کاٹنے والی فرم کے خلاف مظاہرہ شروع کردیا تھا اور علاقے میں مزید صنوبر کے پرانے درختوں کو بچانے کے لیے عدلیہ سے رجوع کیا تھا جس پر عدلیہ نے اس فرم کو درخت کاٹنے سے روکد دیا ہے اور فرم سے اس بارے میں فوری طور پر عمل درآمد کروانے کو کہا گیا ہے۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں