ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں04.03.15

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں

247316
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں04.03.15

روزنامہ اسٹار نے لکھا ہے کہ ترکی ،آذربائیجان اور ترکمانستان کے درمیان تعاون کا دنیا قریبی جائزہ لے رہی ہے ۔ اس سلسلے میں ترکمین گیس کو بحیرہ قزوین سے یورپ پہنچانے کے لیے تینوں ممالک کے درمیان صلح و مشورہ جاری ہے ۔ ترکمانستان کے صدر قربان گولی بردی محمدوف نے دورہ ترکی کے دوران صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی جس کے دوران صدر ایردوان نے یقین ظاہر کیا کہ ترکمانستان کے ساتھ اقتصادی و سیاسی تعاون کو مستقبل میں مزید فروغ حاصل ہوگا۔ یہ بھی بتایا گیا ہےکہ ترکمان صدر جنگ چناق قلعے کی ایک سو ویں سالگرہ کی مناسبت سے آئندہ ماہ منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کےلیے دوبارہ ترکی تشریف لائیں گے۔
روزنامہ ینی شفق نے خبر دی ہے کہ وزیراعظم احمد داود اولو نے یورپی ممالک میں بڑھتی ہوئی اسلام دشمنی اور بنیاد پرستی کے خلاف ترکی اور پرتگال کے درمیان تعاون پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے اپنے دورہ پرتگال کے دوران دارلحکومت لزبن میں قائم مسجد کی زیارت کی ۔انہوں نے حکومت پرتگال اور عوام کا اس سلسلے میں شکریہ ادا کرتےہوئے کہا کہ پرتگال نے بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی احترام کی بہترین مثال قائم کی ہے جو کہ قابل ستائش ہے ۔
روزنامہ صباح کے مطابق جنوبی قبرص اور روس کے درمیان معاہدے نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے ۔ نکوسیا میں متعین امریکی سفیر جان کونگ نے ٹویٹر پر جنوبی قبرص کے لیڈر کے دورہ روس اور گزشتہ دنوں روسی حزب اختلاف بورس نیمستوف کے قتل کے درمیان کڑی قرار دیتے ہوئے قبرصی عوام سے اس بارے میں رائے حاصل کرنے کی کوشش کی۔ اس پر جنوبی قبرصی لیڈر نے امریکی سفیر پر الزام لگا یا کہ وہ اپنے سفارتی آداب کے منافی ترکی کا ساتھ دے رہے ہیں۔ وا ضح رہے کہ جنوبی قبرص اور روس کے درمیان گزشتہ دنوں ایک معاہدہ طےکیا گیا تھا جس کی رو سے روسی بحری جہازوں کو جنوبی قبرص کی بندرگاہیں استعمال کرنے کی اجازت ہوگی ۔
روزنامہ خبر ترک کے مطابق، برطانوی امدادی ادارے کی طرف سے فرانس میں بچوں پر تشدد سے متعلق ناقص قوانین کی یورپی کونسل میں شکایت کرنے سے ایک نئی بحث کا آغاز ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ دو سال قبل اپروچ نامی ایک برطانوی ادارے نے فرانس میں بچوں کو طمانچے مارنے سے متعلق قانونی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے یورپی کونسل میں شکایت کی تھی ۔ یاد ر ہے کہ یورپی کونسل کے قوانین میں بچوں کے خلاف ہر طرح کے جسمانی تشدد کی ممانعت ہے لیکن معلوم ہوتاہے کہ اس کے باوجود فرانس میں اس قانون کی خلاف ورزی کرنا جاری ہے ۔
روزنامہ وطن نے خبر دی ہے کہ استنبول اسٹاک ایکسچینج اپنے 42.75 فیصد حصص کو عوام میں فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔ اسٹاک ایکسچنیج کی ویب سائٹ پر اس فیصلے سے متعلق عوام کو مطلع کیا گیا ہے لیکن یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کی توثیق 2016 تک مکمل ہو گی ۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں