ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 26.02.15

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 26.02.15

238342
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 26.02.15

***روزنامہ صباح "ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایردوان کی تصدیق کر دی: اقوام متحدہ اپنے مفادات کے پیچھے ہے" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل شام، عراق، فلسطین، اسرائیل اور یوکرائن جیسے ممالک میں بحرانوں پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ تنظیم نے اپنی "دنیا میں انسانی حقوق کی صورتحال" نامی رپورٹ میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل اراکین امریکہ ، روس، چین ، برطانیہ اور فرانس نے شہریوں کے تحفظ سے زیادہ اپنے مفادات کو اہمیت دی ہے۔ واضح رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے متعدد بیانات میں کہا ہے کہ محض 5 ممالک کا فیصلہ کرنا درست نہیں ہے۔


***روزنامہ اسٹار "داعش کے لئے برطانوی اسلحہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ داعش دہشت گرد تنظیم کے لئے اسلحہ لے جانے والے 2 برطانوی طیاروں کو عراق میں مار گرایا گیا ہے۔ عراقی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ حاکم الضمیلی نے دنیا کو ہلا کر رکھ دینے والے اس واقعے کو بیان کیا ہے۔ ضمیلی نے کہا ہے کہ "دو برطانوی طیاروں کو العنبر کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ علاقے کی عوام اور ہمارے فوجیوں نے طیاروں میں برطانوی پرچموں کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ ضمیلی نے کہا ہے کہ اس موضوع پر برطانیہ سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔


***روزنامہ خبر ترک نے اپنی خبر کے لئے "شام دہشت گردی کی لیبارٹری کی شکل اختیار کر گیا ہے" کی سرخی لگائی ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ ترکی کے یورپی یونین کے وزیر اور چیف نگوشیئٹر وولکان بوزکر نے کہا ہے کہ " ہم نے پہلے دن سے کہا تھا کہ اگر شروع سے شام کی صورتحال میں مداخلت نہ کی گئی تو یہ ایک ایسے مسئلے کی شکل اختیار کر جائے گا کہ علاقے اور عالمی استحکام کو نقصان پہنچائے گا اور ایسا ہی ہوا ہے۔ بوزکر نے کہا کہ ضروری تدابیر اختیار نہ کئے جانے کی وجہ سے اسد انتظامیہ اور مخالفین کے درمیان موجود مسائل نے بتدریج حزب اللہ، داعش اور القائدہ جیسے عناصر کو بھی اپنے اندر شامل کر لیاہے۔ بوزکر نے کہا کہ شام اب ایک ایسے ملک کی حیثیت اختیار کر گیا ہے کہ جہاں سے متعدد ممالک نے اپنی خارجہ پالیسیوں کا رُخ پھیر لیا ہے اور ایک ایسی لیبارٹری بن گیا ہے کہ جہاں نئی دہشت گرد تنظیمیں اپنے نئے اقدامات کے تجربات کرتی ہیں۔


***روزنامہ وطن "جھگڑا بھڑک اٹھا" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتان یاہو کے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جوہری مذاکرات میں سمجھوتے کے امکان کو ختم کرنے کی نیت سے متوقع خطاب کے خلاف ردعمل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آئندہ ہفتے امریکی کانگریس میں بنیامین نیتان یاہو کے متوقع خطاب سے قبل وائٹ ہاوس کی طرف سے اسرائیل پر تنقید میں اضافہ ہو گیا ہے۔ امریکہ کے صدر باراک اوباما کی قومی سلامتی کی مشیرسوسن رائس نے کہا ہے کہ منگل کے روز نیتان یاہو کا امریکی کانگریس میں متوقع خطاب واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچائے گا۔


***روزنامہ ینی شفق "افسانے ایک جگہ پر" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ استنبول کی مختلف تہذیبوں اور اعتقادات کے نقوش کے حامل 400 افسانوں کو واحد کتاب میں جمع کیا گیا ہے۔ استنبول بلدیہ کی طرف سے تیار کردہ "استنبول کے افسانے" نامی اس کتاب میں بازنطین سے عثمانی سلطنت تک اور عثمانی دور سے جمہوریت تک پھیلے ہوئے دور میں شہر کے افسانوی کرداروں ، سحر انگیز ستونوں، سیناگوگوں، کلیساوں، مساجد، محلات، چشموں اور ساحلوں سے متعلق افسانے شامل ہیں اور کتاب 12 عنوانات پر مشتمل ہے۔ کتاب پہلی دفعہ CNR کتاب فیسٹیول میں قارئین کی دلچسپی کے لئے پیش کی جائے گی۔ CNR کتاب فیسٹیول 27 فروری سے 8 مارچ کی تاریخوں میں استنبول CNR ایکسپو میں منعقد ہوگا۔


***روزنامہ حریت "سال کے ڈیزائنر ایردیم" کی سرخی کے ساتھ لکھتا ہے کہ لندن فیشن ویک کے اختتامی دن میں "ایل سٹل ایوارڈ" اپنے حقداروں تک پہنچ گئے ہیں۔ سکائی گارڈنز میں منعقدہ تقریب میں ترک فیشن ڈیزائنر ایردیم مورال اولو کو سال کے ڈیزائنر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں