ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 06.02.2015

ترک ذرائع ابلاغ

213013
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 06.02.2015

***سامعین کرام روزنامہ سٹار نے " دولتِ اسلامیہ دہشت گرد تنظیم کے خلاف مشترکہ جدوجہد" کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان نے اردن کے شاہ عبداللہ کو ٹیلی فون کرتے ہوئے دولتِ اسلامیہ دہشت گرد تنظیم کی جانب سے ہلاک کیے جانے والے اردن کے پائلٹ موعاز القصیبہ کی تعزیت کی ہے ۔ اخبار کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدو جہد اور شام کے صدر بشار الاسد کے ظلم کے خلاف تعاون کو بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

***روزنامہ حریت نے " ترکی نیٹو کے ہراول دستے میں " کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ نیٹو کی جانب سے چھ مزید کمانڈنگ کنٹرول مراکز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ صلاحیتوں کا مالک ہروال دستہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اخبار کے مطابق نیٹو نے اس سلسلے میں ترکی سے مزید کمک فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاہم ترکی نے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ نیٹو کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلے کے بارے میں ترکی حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہی نیٹو کو مزید کمک فراہم کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں آگاہ کرے گا۔

***روزنامہ ینی شفق نے " یورپی یونین نے ترکی کی ترقی کے ہدف کو بڑھانے کا فیصلہ کرلیا" کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ یورپی یونین نے ترکی کے ترقی کے سن 2015 کے ہدف کو 3.3 سے بڑھا کر 3.7 تک کردیا ہے۔ یورپی یونین کے کمیشن کی رپورٹ ترکی کی گزشتہ سال کے چھ فیصد کے تجارتی خسارے میں کمی ہوتے ہوئے امسال 3.6 فیصد تک کم ہونے سے بھی آگاہ کیا ہے ۔ یورپی یونین کمیشن کے مطابق اگر ترکی کی روس اور عراق کے ساتھ تجارت میں کمی نہ ہوتی تو ترکی کی ترقی کا ہدف مزید بلند ہو سکتا تھا۔

***روزنامہ وطن نے " جنرل الیکٹرک کمپنی ترکی میں اپنا مرکز قائم کررہی ہے" کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ جنرل الیکٹرک کمپنی جس کا ترکی میں ڈسٹری بیوٹر آفس موجود تھا نے اب ڈسٹری بیوٹر کے بجائے اپنا ایک مرکز ترکی میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل الیکٹرک کے یورپی امور کے انچارج توشیاسو اوہینو Toshiyasu Ohnoنے کہا ہے کہ بڑی سرعت سے ترقی کرنے والے ملک ترکی نے ہمیں اپنی خدمات اور پیداوار کی فروخت کے لیے اپنا ایک مرکز یہاں پر قائم کرنے پر مجبور کردیا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں ہماری قوت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

***روزنامہ خبر ترک کی ایک خبر کے مطابق استنبول کے اتاترک اور صبیحہ گیوکچن ہوائی اڈے مسافروں اور ہوائی ٹریفک کے لحاظ سے سن 2014 میں سب سے زیادہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے ہوائی اڈوں کی حیثیت اختیار کرگئے ہیں۔ اے سی آئی کی رپورٹ کے مطابق 25 ملین سے زائد مسافروں کی میزبانی کا شرف حاصل کرنے والے استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے کی گنجائش میں دس فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ صبیحہ گیوکچن ہوائی اڈے پر مسافروں کی تعداد دس سے پچیس ملین کے درمیان رہی ہے لیکن اس کی گنجائش میں 25 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

***روزنامہ صباح کی ایک خبر کے مطابق سن 1890 میں جاپان کے سمندر میں غرق ہونے والے ترکی کے فریگیٹ ایرتعرل کے بارے میں ایک فلم تیار کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اخبار کے مطابق جاپان میں اس بحری جہاز کے ڈوبنے سے متعلق فلم کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی ہےجبکہ باقی ماندہ شوٹنگ کو ماہ مارچ میں ترکی میں مکمل کیا جائے گا۔ اس فلم پر 12 ملین ترک لیرے کے اخراجات آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اس فلم کے اس سال کے اواخر تک نمائش کے لیے پیش کیے جانے کی توقع کی جا رہی ہے۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں