ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 06.01.2015

ترک ذرائع ابلاغ

174621
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 06.01.2015

***روزنامہ سٹار کی " ترک بحری بیڑا پیسفک کی جانب" کے زیر عنوان خبر کے مطابق وزیراعظم احمد داؤد اولو نے وزارتِ اقتصادیات میں منعقد ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی لاطینی امریکی ممالک کے ساتھ اپنی تجارت کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے دور ہونے کے باوجود ترکی کے بحری بیڑے نے گزشتہ سال لاطینی امریکہ کی 28 بڑی بندرگاہوں کا سفر کیا تھا اور اس سال اور آئندہ سال بھی ترک کا بحری بیڑا ان بندر گاہوں کا رخ اختیار کرتے ہوئے ان ممالک کے ساتھ اپنی دوستی کو مزید مضبوط کرے گا۔

***روزنامہ صباح نے " پٹرول کی جنگ " کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ گزشتہ سال پٹرول کی فی بیرل قیمت 110 ڈالر تھی جو کم ہو کر 55 ڈالر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے روس اور ایران بری طرح ان قیمتوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔ اخبار کے مطابق روس اور ایران کو نیچا دکھانے کے لیے سعودی عرب اور متحدہ امریکہ نے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔ اخبار کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں ہونے والی نصف کے قریب کمی سے روس اور ایران کے بجٹ بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس متحدہ امریکہ ۔ یورپی مالک اور ترکی کی اقتصادیات پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

***روزنامہ اقشام نے " ٹریننگ اور اسلحے سے لیس کرنے کا پراجیکٹ" کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ ٹریننگ دینے اور اسلحے سے لیس کرنے کے پراجیکٹ پر عمل درآمد کرنے کی تاریخ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس سلسلے میں متحدہ امریکہ کے ساتھ اس ماہ ایک سمجھوتے پر دستخط کردیے جائیں گے۔ اخبار کے مطابق شام کے مخالفین کو ٹریننگ دینے کے ساتھ ساتھ ان کو متحدہ امریکہ کی جانب سے اسلحہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ سفارتی ذرائع سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق اس ماہ متحدہ امریکہ اور ترکی کے درمیان شامی پناہ گزینوں کو ٹریننگ دینے اور اسلحہ فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔

***روزنامہ ملیت نے " روس کی جانب سے ترکی سے گوشت کی درآمدات میں چھ گنا اضافہ" کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ رشین فیڈریشن نے ماہ اگست سے اب تک ترکی سے درآمد کیے جانے والے گوشت کی مقدار چھ گنا بڑھادی ہے ۔ ترکی نے روس کو ماہ اگست سے لے کر اب تک 51.2 ملین ڈالر کا گوشت برآمد کیا ہےجبکہ مچھلی کے گوشت سے 14.4 ملین ڈالر کی آمدنی حاصل کی ہے۔

***روزنامہ صباح نے " گاڑیوں کے صنعت خواتین کے حوالے" کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ ترکی میں آٹو موبائل صنعت میں خواتین بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور انہوں نے اس سیکٹر میں مردوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنی برتری قائم کرلی ہے۔ اخبار کے مطابق آٹوموبائل صنعت میں خواتین منتظمین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اس طرح اب آٹوموبائل کی صنعت میں مردوں کی اجارہ داری ختم ہوتی جا رہی ہے۔



ٹیگز:

متعللقہ خبریں