ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 04.01.2015

ترک ذرائع ابلاغ

170756
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں - 04.01.2015

*** روزنامہ خبر ترک نے " یہودی آبا دکاروں کا امریکیوں پر پتھراؤ" کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں نے علاقے کا جائزہ لینے کی غرض سے آئے ہوئے امریکی سفارت کاروں کے ایک وفد پر پتھراؤ کیا ہے۔ اخبار کے مطابق اسرائیل کے علاقے عدیل جہاں پر چالیس اسرائیلی گھرانے آباد ہیں کی جانب سے فلسطینیوں کے باغات اور درختوں کی کٹائی کیے جانے کے واقعے کی چھان بین کرنے کی غرض سے جب امریکی وفد علاقےپہنچا تو اسرائیلی آباد کاروں نے اس امریکی سفارت کاروں پر پتھراؤ کردیا جس پر امریکی وفد علاقے کوترک کرنے پر مجبور ہوگیا ۔

***روزنامہ وطن نے " میری مسجد کو مت چھوو!" کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ یورپ میں ایک ہفتے کے دوران تین مختلف مساجد کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اخبار کے مطابق سویڈن میں مسلمانوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنے کے لیے نذر آتش کی جانے والی مسجد کے باہر بڑی تعداد میں سویڈن کے باشندوں نے یکجا ہو کر مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کیا اور مسجد کے مین گیٹ پر اپنے اپنے پیغامات بھی تحریر کیے۔ اخبار کے مطابق وہاں جمع ہو جانے والے افراد" میری مسجد کو مت چھوو " کی نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طریقے سے منتشر ہوگئے۔

***روزنامہ سٹار نے " بہادر تو چے( Tüğçe) کی یاد میں دعائیہ تقریب" کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ جرمنی میں گزشتہ نومبر کی 25 تاریخ کو ایک ریسٹورانٹ میں چند لڑکیوں کو آوارہ لڑکوں کے چنگل سے چھڑاتے ہوئے حملے کا نشانہ بن کر ہلاک ہونے والی ترک نژاد توچے آلبائراک کے لیے میلاد شریف کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اخبار کے مطابق میونخ میں حاجی بائیرام مسجد میں میلاد شریف کی تقریب کے بعد مرحومہ توچے کے لیے دعا مغفرت بھی کروائی گئی۔

***روزنامہ صباح نے " ایبولا کا خطرہ اس سال ختم ہو جائے گا" کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ایبولا کے خلاف جدو جہد کرنے والی ٹیم کے سربراہ انتھونی بین بری banbury نے 2015ء میں ایبولا کے خلاف جدو جہد کے دائرہ کار میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال کے دوران ایبولا سے مکمل طور پر چھٹکارا حاصل کرلیا جائے گا۔

***روزنامہ ینی شفق نے " نئے سال کے موقع پر نئی سرمایہ کاری" کی سرخی کے تحت اپنی خبر میں لکھا ہے کہ ترک جاپان مشترکہ سرمایہ کاری سے قائم کیے جانے والے عثمانیہ توسیا لی – تویا اسٹیل کے کارخانے کی سنگ بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ اخبار کے مطابق وزیر اعظم احمد داؤد اولو نے بھی سنگ بنیاد رکھنے کی اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں سے حاصل ہونے والی پیداوار کو یورپ ، ایشیا اور افریقی ممالک کو فروخت کیا جائے گا۔ وزیراعظم داؤد اولو نے کہا کہ ملک میں نئے سال کے موقع پر ہونے والی نئی سرمایہ کاری سے وہ بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کارکانے میں دس ہزار افراد کو روزگار فراہم کیا جائے گا۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں