ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 14۔12۔11

ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 14۔12۔11

144829
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 14۔12۔11


روزنامہ سٹار لکھتا ہے کہ ترکی کی پٹرولیم کمپنی نے پٹرول اور قدرتی گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کو بڑھاتے ہوئے اپنا رخ انگولا اور موزمبیق کیطرف کر دیا ہے ۔ترک پٹرولیم کمپنی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بیسیم ششمان نے کہا ہے کہ ہماری پٹرول کمپنی ترکی کے ساتھ ساتھ بیرونی ممالک میں بھی پٹرول کی تلاش کے کام کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔افریقی ممالک میں پٹرول کی تلاش کے اہم مواقع موجود ہیں ۔سب سے پہلے ہم انگولا اور موزمبیق میں پٹرول اور قدرتی گیس کی تلاش کا کام شروع کریں گے ۔
روزنامہ اکشام نے " ترکی 2015 میں قابل ذکر ترقی کرئے گا " جلی سرخی کیساتھ ترکی کی اقتصادی ترقی کو جگہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ترکی نے امسال تیسری دھائی میں توقع سے کم 1٫7 کی شرح سے ترقی کی ہے ۔ اخبار نے اسٹینڈرڈ بینک کے ترقی پذیر ممالک کے تحقیقاتی سربراہ ٹم ایش کے جائزے کو جگہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ 2015 ترکی کے لیے سنہری موقعوں کا سال ثابت ہو گا ۔2014 ترکی کے لیے نئے توازن کے قیام کا سال رہا ہے ۔پٹرول کی قیمت میں دس ڈالر کی کمی رواں خسارے میں چار ارب ڈالر کی کمی کا سبب بنی ہے ۔
روزنامہ صباح نے " ترکی نے یورپ سے بڑھ کر ترقی کی " کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ اگرچہ ترکی نے امسال تیسری دھائی میں توقع سے کم 1٫7 کی شرح سے ترقی کی ہے لیکن اس نے یورپی یونین اور یورو کے علاقے کی اقتصادیات کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کیا ہے ۔ترکی کے محکمہ اعدادوشمار اور یورو اسٹیٹ کے مطابق یورپ کے 18 ممالک نے اسی دور میں سالانہ 0٫8 فیصد ترقی کی ہے جبکہ 28 رکن ممالک کی اقتصادیات 1٫3 فیصد بڑھی ہیں ۔
روزنامہ ینی شفق نےنے فن و ثقافت سے متعلق اپنی خبر میں لکھا ہے کہ امریکہ نے انہتر تاریخی نوادرات کو ترکی کے حوالے کر دیا ہے ۔امریکہ نے گذشتہ سال ماہ فروری میں کارگو کے ذریعے مانیسا کی تحصیل صلح لی سے جعلی نام اور جعلی ایڈریس کیساتھ امریکہ بھیجے جانے والے 69 تاریخی نوادرات کو ریاست نیو جرسی کے ہوائی اڈے پر قبضے میں لے لیا تھا ۔ اب ان نوادرات کو ترکی کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ان نوادرات میں 2500 سال قبل کے لڈیا دور کے نوادرات بھی موجود ہیں ۔
روزنامہ حریت نے برطانوی کے اخبار ٹیلیگراف کے قارئین کے ایک سروے کو جگہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ قارئین نے دنیا کے خوبصورت ترین 20 شہروں کا انتخاب کیا ہے جن میں ویانا ،برلن ،سینٹ پیٹر برگ اور برسلونا جیسے شہر شامل ہیں ۔ شہروں کی فہرست میں استنبول 11 ویں نمبر پر ہے ۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں