ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 23.07.14

ترک ذرائع ابلاغ

68388
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 23.07.14

روزنامہ آکشام "غزہ کو چاروں اطراف سے امداد کی فراہمی کی کوششیں" کے عنوان کے تحت لکھتا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے کھلے آسمان تلے کسی جیل کی ماہیت میں بدلے جانے والے فلسطین کو انسانی امداد کے معاملے میں سب سے زیادہ تعاون ترکی پیش کر رہا ہے۔ اخبار کے مطابق ترک تعاون و رابطہ ایجنسی تیکا نے ابتدائی طور پر ایک ملین ڈالر کی خوردنی اشیاء اور ہنگامی امدادی سازوسامان کو حاجت مندوں تک پہنچانے کی کاروائیاں شروع کردی ہیں۔ وزارت عظمی کے آفات و ہنگامی صورتحال کے ادارے نے بھی فلسطین کو ایک ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ ترک ہلال احمر نے ابتک دو ہزار خاندانوں کو خوراک کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
روزنامہ ینی شفق نے "مہاجرین کے ہمراہ افطار ی" کے زیر ِ عنوان لکھا ہے کہ صدر عبداللہ گل نے ملک میں جنگ کی بنا پر راہ فرار اختیار کرتے ہوئے ضلع ملاتیا میں قیام پذیر شامی پناہ گزینوں کے کیمپ کا دورہ کیا ۔ اور 7 ہزار 616 شامی شہریوں کے مقیم ہونے والے کنٹیئنر کیمپ کے بارے میں حکام سے معلومات حاصل کیں۔ یہاں پر شامی مہاجرین کے ساتھ مل کر افطار کرنے والے صدر گل نے بعد ازاں اپنے خطاب میں کہا کہ "اے پیارے بھائی بہنوں" مجھے آپ کی شراکت میں افطاری کرنے میں خوشی محسوس ہوئی ہے۔
روزنامہ ملیت "جرمنی سے ترک پروفیسر کو نشانِ لیاقت" جلی سرخی لگاتے ہوئے لکھتا ہے کہ جرمنی میں برلن ٹیکنیکل یونیورسٹی میں ایجنٹ ٹیکنالوجیز اِن بزنس ایپلیکشنز اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن چیئر کو قائم کرنے والے پروفیسر ڈاکٹر شاہین الا بائراک کو جرمن وفاقی جمہوریہ کے نشانِ لیاقت سے نوازا گیا ہے۔ اخبار نے اطلاع دی ہے کہ پروفیسر الابائراک کو یہ نشان جرمن وزیر تعلیم و تحقیقات پروفیسر یوہانا وانکا نے پیش کیا۔
روزنامہ ملیت " ذرائع ابلاغ اداروں کے مالکین کی عظیم شخصیت مردوح بودرم میں" عنوان کے تحت لکھتا ہے کہ دنیا کے امیر ترین میڈیا باس مانے جانے والے روپرٹ مردوح اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ گزشتہ روس 70 میٹر طویل ذاتی لگزری یاٹ کے ذریعے ضلع معلا کی سیاحتی تحصیل بودرم پہنچے ہیں۔اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ مردوح اور ان کا کنبہ بحیرہ ایجین کے ساحلی علاقوں میں چھٹیاں بسر کرے گا۔
روزنامہ حریت نے " گولوں کے بادشاہ میڈرڈ میں " جلی سرخی چسپاں کرتے ہوئے لکھا ہے کہ برازیل میں منعقدہ عالمی فٹ بال کپ کے دوران سب سے زیادہ گول کرنے والے 23 سالہ کولمبین کھلاڑی جیمز روڈری گویز 80 ملین یورو کے عوض مناکو سے ریئل میڈرڈ کلب کو ٹرانسفر ہو گئے ہیں۔ ان کی سالانہ آمدنی سات ملین یورو ہو گی۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں