ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 14۔07۔21

66111
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں 14۔07۔21


روزنامہ وطن نے " خونی اتوار" کے زیر عنوان اپنی خبر میں لکھا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں بری کاروائی کے دائرہ کار میں شجائیے شہر پر طیاروں اور توپوں سے حملے کر کے شہر کی گلیوں کو میدان جنگ میں بدل دیا ہے۔ ہر طرف لاشیں ہی لاشیں ہیں جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے ۔اسرائیلی فوج نے ایک لاکھ نفوس کے شہر شجائیے کو نیست و نابود کر دیا ہے ۔شہر سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے انسانوں پر بھی طیاروں نے بمباری کی ۔85 ہزار فلسطینیوں نے اقوام متحدہ کے زیر کنٹرول 6 اسکولوں اور ہسپتالوں میں پناہ لی لیکن اسرائیلی فوج نے یہاں پر بھی بمباری کی ۔ فلسطین میں خوراک کی شدید قلت پائی جاتی ہے اور فلسطینی فلاکت کی دہلیز پر ہیں ۔
روزنامہ سٹار نے وزیر اعظم رجب طیب ایردوان کے بیان کو جگہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم قطر ،فلسطین اور امریکہ کیساتھ مل کراسرائیل اور فلسطین کے درمیان فائر بندی کروانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں ۔مصر بھی اس سلسلے میں سرگرم عمل ہے ۔ہم 2012 میں ہونے والی فائر بندی جیسی فائر بندی کروانے کے لیے مذاکرات جاری ر کھے ہوئے ہیں ۔اسوقت بین الا قوامی قوانین کی رو سے اسرائیل جرم کا ارتکاب کر رہا ہے جس کا اسے خمیازہ بھگتنے کی ضرورت ہے ۔
روزنامہ ملیت لکھتا ہے کہ امن و آزادی کے یوم کی تقریبات میں شرکت کی غرض سے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کا دورہ کرنےو الے صدر عبداللہ گل نے یہاں پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ 20 جولائی 1974 سے لیکر ابتک 40 سال سے قبرص میں امن و امان کا ماحول پایا جاتا ہے ۔قبرصی ترکوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہر کسی کو خاصکر مشرق وسطی اور بحیرہ روم کے علاقے میں جاری تشدد ،دہشت گردی اور جھڑپوں کے موجودہ دور میں امن کی اہمیت کو اچھی طرح سمجھنے کی ضرورت ہے ۔
روزنامہ صباح لکھتا ہے کہ بوسنیا میں 1992 سے لیکر 1995 تک جاری جنگ کے دوران ہلاک کیے جانے والے اور ملک کی سب سے بڑی اجتماعی قبروں سے نکالے جانے والے 284 بوسنیائیوں کو ان کی شناخت کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ہے ۔سات ہزار تین سو چوبیس بوسنیائی ابھی تک لاپتہ ہیں ۔
روزنامہ اکشام نے مرسڈیز بینز ترک لیمیٹڈ کی ڈائریکٹر ز کمیٹی کے سربراہ رائنرز گینیس کے بیان کو جگہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ مرسڈیز بینز ترکی کی حیثیت سے ہم دن بدن ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں ۔ہم گاہکوں کی پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے ماڈلزز کی تیاری کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
سامعین کھیلوں کے صفحے میں روزنامہ خبر ترک لکھتا ہے کہ ٹیب بی این پی پاری بس استنبول کپ کے چیمپین مقابلوں میں کیرولین وازنیکی نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ ڈنمارک کی ٹینس کی کھلاڑی نے فائنل میچ میں میڈرڈ میں شکست کھانے والی رابرٹا ونجی کو دو سیٹ سے ہرا دیا ہے ۔
اسی اخبار نے اپنی ایک دوسری خبر میں لکھا ہے کہ26 ویں آبنائے باسفورس بین الابراعظمی تیراکی کے مقابلوں میں 45 ممالک کے 1749 تیراکوں نے حصہ لیا ۔حسن ایمرے مسلو اولو نے اس مقابلے کو اوپر تلے پانچ بار جیت کر ریکارڈ قائم کیا ہے ۔
روزنامہ حریت نے فن و ثقافت کے صفحے میں لکھا ہے کہ چین کی مہنگی ترین فلم ڈراگون بلیڈ میں ایک ترک اداکار ایمراہ یلماز بھی کردار ادا کریں گے ۔انھیں 1200 افرادمیں سے منتخب کیا گیا ہے ۔ اس فلم میں جیکی چین ، جان کوسک ،اور ایڈرین بروڈی جیسے مشہور اداکار حصہ لے رہے ہیں ۔
روزنامہ ملیت نے کھیلوں کے صفحے میں لکھا ہے کہ یونان کے جزیرہ کریٹ کے شہر ہیراکلیون میں کل کھیلے گئے فیبا انڈر 20 چمپین شپ کے فائنل میچ میں ترکی نے اسپین کو 65 ۔ 67 کے اسکور سے شکست دیتے تاریخ رقم کی ہے۔
یورپی چمپین قومی ٹیم نے چمپین شپ کا کپ ترکی باسکٹ بال فیڈریشن کے چیئر مین ترگائے دیمرل کے ہاتھ سے وصول کیا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں