ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں

ترک ذرائع ابلاغ

75649
ترکی کے اخبارات سے جھلکیاں

روزنامہ خبر ترک نے "آپ کی سخاوت قابل ِ ستائش" کے زیر عنوان لکھا ہے کہ صدر عبداللہ گل نے ترکی کے ایک روزہ دورے پر تشریف لانے والے نارویجیئن وزیر خارجہ بورگ برندے کو شرف ملاقات بخشا ۔ اس دوران برندے نے کہا کہ شام کی خانہ جنگی سے راہ ِ فرار اختیار کرنے والے شامی شہریوں کے ساتھ ترکی کی ٖفراغدلی انتہائی قدر و قیمت کی حامل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترکی، شام کے بحران کے سیاسی حل کی تلاش کے لیے کسی کلیدی اداکار کی حیثیت رکھتا ہے۔
روزنامہ ینی شفق نے " برسلز کو دھچکہ" جلی سرخی کے ساتھ شائع کردہ خبر میں یورپ پارلیمان کے انتخابات کے نتائج سے پیدا ہونے والے دھچکے کے اثرات پر توجہ مبذول کروائی ہے۔ اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ یورپی یونین کے 28 رکن ملکوں میں انتخابی میرا تھون میں اسلام فوبیا کے حامیوں اور مہاجرین مخالف قوم پرست اور ریڈیکل بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کی کامیابی کے بعد پریشان ہونے والے یورپی یونین کے سربراہان نے "نقصان کے تعین" کی خاطر برسلز میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا ہے۔
اخبار لکھتا ہے کہ سربراہی اجلاس سے قبل اظہار خیال کرنے اور پہلی نکتہ چینی کرنے والے صدر فرانس اولاند نے یورپی یونین کے اختیارات میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ کو آسان اور واضح ہونا چاہیے، اپنے وجود کو موثر بناتے ہوئے وقت آنے پر پیچھے ہٹنے کا بھی مجاز ہونا چاہیے۔ یورپی یونین نے یورو زون کے بحران پر قابو تو پا لیا ہے لیکن کس قیمت پر؟ کفایت شعاری کی تدابیر نے انسانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا مرکل نے اس موقع پر کہا ہے کہ ان کی اولیت ملکی معیشت کو تقویت دینا ہے۔
روزنامہ آکشام نے اقتصادیات سے متعلق اپنے صفحے پر " ہِلٹی کی ترکی میں چونتیس فیصد کی شرح سے ترقی " جلی سرخی چسپاں کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بنیادی تعمیرات، باریکی کے کام، میکانیکل اور الیکٹریکل ورکس، انرجی اور انڈسڑیل شعبہ جات میں کام کرنے والے پیشہ وروں کے لیے مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے والی ہلٹی ترکی نے 34 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ ایک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
اخبار لکھتا ہے کہ 120 سے زائد ملکوں میں سر گرم عمل اور گزشتہ سترہ برسوں سے ترکی کی منڈی میں کاروبار کرنے والی ہلٹی فرم ، حالیہ تین برسوں سے ترکی کے دفتر کو وسطی ایشیا اور عراق کے امور کے ہیڈ دفتر کے طور پر استعمال کرتی چلی آرہی ہے۔ اس فرم کے وسطی ایشیا اور ترکی کے ڈائریکٹر جنرل مہمت چیک قالائے نے بتایا ہے کہ سن 2013 میں تعمیرات کے شعبے نے 7٫1 فیصد ترقی کی ہے اور اس فرم کی مجموعی شرح نمو 34 فیصد کے طور پر ریکارڈ کی گئی ہے۔
روزنامہ سٹار " اطالویوں کی دوا سازی میں وسیع پیمانے کی سرمایہ کاری" عنوان کے تحت لکھتا ہے کہ ترکی میں سن 2008 سے ابتک سر گرم عمل اطالوی دوا ساز فرم ریکوداتی نے ترکی کے علاقے تیکر داع میں تقریباً 50 ملین ڈالر کی لاگت آنے والی ایک فیکٹری کا سنگ بنیاد ڈالا ہے۔ اس فیکٹری کا بند حصہ تقریباً 18 ہزار مربع میٹر ہوگا اور اس کی تعمیر کا کام سن 2015 تک پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں