شمالی کوریا نے امریکی اور عالمی دبا ؤ مسترد کرتے ہوئے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرلیا

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح اپنی مشرقی بندر گاہ سنپو سے جاپان کی سمندری حدود میں ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا

707114
شمالی کوریا نے امریکی اور عالمی دبا ؤ مسترد کرتے ہوئے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرلیا

امریکی اور چینی صدور کی ملاقات سے ایک روز قبل شمالی کوریا نے امریکی اور عالمی دبا ؤ مسترد کرتے ہوئے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے مقامی وقت کے مطابق بدھ کی صبح اپنی مشرقی بندر گاہ سنپو سے جاپان کی سمندری حدود میں ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا ، جو 189 کلومیٹر بلندی تک پہنچا اور تقریباً 60 کلومیٹر دوری پر بحیرہ جاپان میں جاگرا۔

 دریں اثنا امریکی فوج نے بھی شمالی کوریا کے اس میزائل تجربے کی تصدیق کر دی ہے ، مبصرین کے مطابق شمالی کوریا نے یہ میزائل تجربہ ایسے وقت کیا ہے جب چین کے صدر اپنے امریکی ہم منصب سے فلوریڈا میں اہم مذاکرات کرنے والے ہیں ۔

 اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے صدور شمالی کوریا کے معاملے پر تفصیلی بات کریں گے ، یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی چین سے تجارت کو شمالی کوریا کے مسئلے میں مدد سے مشروط کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے تحت بیلسٹک میزائل کے تجربات پر مکمل پابندی عائد ہے ، تاہم ان تمام پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود شمالی کوریا نے اپنے بیلسٹک میزائل تجربات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔



متعللقہ خبریں