13 ویں صدی کا اہم شاہکار نوترے ڈیم گرجا گھر جل کر تباہ

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع تاریخی نوترے ڈیم کیتھڈرل میں لگی خوف ناک آگ پر کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا ہے

1183908
13 ویں صدی کا اہم شاہکار نوترے ڈیم گرجا گھر جل کر تباہ

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع تاریخی نوترے ڈیم کیتھڈرل میں لگی خوف ناک آگ پر کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پا لیا گیا ہے۔

آگ سے 13 ویں  صدی کی اس تاریخی عمارت کی چھت اور بالائی حصے کو نقصان پہنچا ہے ۔۔

عینی شاہدین کے مطابق، آگ لگنے کے بعد  عمارت  کا ایک  حصہ دوسری جانب  جھک گیا تھا اور پھر وہ جلتی ہوئی چھت پر گر گیا ۔

فرانسیسی حکام نے بتایا ہے کہ کیتھڈرل میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کئی ایک تاریخی نوادرات کو بچا لیا گیا ہے۔

فرانسیسی صدر امانو یل ماکروں نے اس تاریخی کیتھڈرل کے سامنے کے حصے اورستونوں  کو بچانے پر آگ بجھانے والے عملے کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ بدترین واقعے کو رونما ہونے سے روک لیا گیا ہے۔

انھوں نے نوترے ڈیم کی تعمیرِنو کے لیے بین الاقوامی سطح پر رقوم اکٹھا کرنے کی مہم شروع کرنے کا وعدہ کیا ہے۔


فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے البتہ حکام کا کہنا ہے کہ اس گرجا گھر کے بالائی حصے میں 60 لاکھ یورو کی لاگت سے تزئین نو کا کام جاری تھا۔

فرانسیسی میڈیا نے پیرس فائر بریگیڈ کے حوالے سے کہا ہے کہ اس آگ کا ممکنہ طور پر اسی تزئین نو کے کام سے تعلق ہے۔

یادرہے کہ نوترے ڈیم کا سنگ بنیاد 1163 عیسوی میں پوپ الیگزینڈر سوم نے رکھا تھا اور اس کی عمارت 13 ویں  صدی میں مکمل ہوئی تھی۔

اس کے خوب صورت عمارتی ڈھانچے ، ٹاورز اور لاٹ کی وجہ سے اس کو فنِ تعمیر کا شاہکار اور فرانس کی ایک اہم مذہبی اور ثقافتی علامت سمجھا جاتا ہے۔

 

 



متعللقہ خبریں