اقوام متحدہ: اناج راہداری سمجھوتے کا دوام عالمی غذائی سلامتی کی ضمانت ہے

اقوام متحدہ، اناج راہداری سمجھوتے  کے تحفظ اور دوام کے لئے ہر ممکنہ کوشش کرے گی: سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس

1959213
اقوام متحدہ: اناج راہداری سمجھوتے کا دوام عالمی غذائی سلامتی کی ضمانت ہے

اقوام متحدہ نے کہا ہے اناج راہداری سمجھوتے کا دوام عالمی غذائی سلامتی کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

اقوام متحدہ کے جنیوا آفس نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ کل سوٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کی سیکرٹری جنرل برائے تجارت و ترقی کانفرنس' ربیکا گرائنسپن'  اور اقوام متحدہ کے نائب سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور' مارٹن گرفتھس' نے اناج راہداری سمجھوتے کی معیاد بڑھانے کے موضوع پر نائب وزیر خارجہ سرگے ورشینن کی زیر صدارت روسی وفد کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں 22 جولائی 2022 کو طے پانے والے دو سمجھوتوں کے اطلاق پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔ یہ سمجھوتے روس، ترکیہ، یوکرین اور اقوام متحدہ کے درمیان طے پانے والا "بحیرہ اسود اناج راہداری سمجھوتہ" اور روس اور اقوام متحدہ کے درمیان طے پانے والا "خوراک اور کھاد کی  بِلا رکاوٹ برآمدات"  کا سمجھوتہ ہیں۔

بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گٹرس نے کہا ہے کہ ہم بحیرہ اسود اناج راہداری سمجھوتے کے ساتھ ساتھ روسی خوراک اور کھاد کی پُرسہولت برآمدات کی کوشش کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ نے روس کی طرف سے اناج راہداری سمجھوتے کی معیاد میں محض 60روزہ توسیع پر رضامندی سے متعلق جاری کیا گیا  بیان نوٹ کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اقوام متحدہ اناج راہداری سمجھوتے  کے تحفظ اور دوام کے لئے ہر ممکنہ کوشش کرے گی"۔

مزید کہا گیا ہے کہ اناج راہداری سمجھوتے کی طفیل 24 ملین ٹن اناج کی برآمد کی گئی ہے۔ سمجھوتے کا دوام عالمی غذائی سلامتی کے لئے نہایت ضروری ہے کیونکہ اناج اور کھاد کی قیمتیں جنگ سے قبل کے درجے پر نہیں آئیں اور یہ صورتحال خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے لئے مشکلات کا سبب بن رہی ہے"۔

واضح رہے کہ 22 جولائی 2022 کو استنبول میں طے پانے والے اناج راہداری سمجھوتے کی مدت میں 19 نومبر 2022  کو 120 دن کی توسیع کر دی گئی تھی۔



متعللقہ خبریں